آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پاکستان اور افغانستان کے درمیان کرکٹ سیریز زیرغور
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے مابین دوطرفہ سیریز اور دو ٹی 20 دوستانہ میچوں کی سیریز کے انعقاد پر غور کیا جا رہا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے سنیچر کو جاری کردہ ایک بیان کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شکراللہ عاطف مشال نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی سے لاہور میں ملاقات کی اور دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان مستقبل میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
بیان کے مطابق پی سی بی اور اے سی بی نے مستقبل قریب میں دونوں ٹیموں کے درمیان دو دوستانہ ٹی 20 میچز کروانے پر اتفاق کیا جن میں ایک پاکستان اور ایک افغانستان میں کھیلا جائے گا جبکہ دونوں ممالک کی قومی ٹیموں کے مابین دو طرفہ سیریز کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا۔
اس کے علاوہ افغان کرکٹ بورڈ انڈر 19 ٹیم کا کراچی میں تربیتی کیمپ اور دونوں ممالک کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان دو طرفہ سیریز کا انعقاد شامل ہے۔
مستقبل میں دونوں ممالک کی 'اے' ٹیموں اور انڈر16 ٹیموں کے درمیان سیریز پر بھی اتفاق کیا گیا۔
بیان کے مطابق پی سی بی افغان کرکٹ بورڈ کے لیے پاکستان میں سٹیڈیم کی فراہمی کے حوالے سے بھی کام کرے گا جسے وہ 'ہوم گراؤنڈ' کے طور پر استعمال کر سکیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چیئرمین اے سی بی شکراللہ عاطف مشعل کا کہنا تھا کہ کھیل کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے بالخصوص کرکٹ کو سیاست سے دور رکھا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کھیلوں کو تعلقات کی بہتری کے لیے استعمال کرنا چاہیے اور اسی مقصد کو حاصل کرنے کے لیے دونوں ممالک کی ٹیمیں امن کا پیغام لے کر ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کریں گی۔
چیئرمین شہریار خان کا کہنا تھا پی سی بی نے ماضی میں بھی افغان کرکٹ کی ترقی کے لیے مدد فراہم کی ہے اور وہ اے سی بی کو افغان کرکٹ کی شہرت اور کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔