آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
چیمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا
انگلینڈ اور ویلز میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں میزبان انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
انگلینڈ نے جو روٹ، ایلکس ہیلز اور کپتان ایئن مورگن کی عمدہ بلے بازی کی بدولت 306 رنز کا ہدف 48ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
جو روٹ نے سب سے زیادہ 133، ایلکس ہیلز نے 95 اور مورگن نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ سنچری سکور کرنے پر جو روٹ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کپتان ایئن مورگن اور جو روٹ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 143 رنز بنائے اور دونوں بلے باز ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل ایلکس ہیلز جو کہ عمدہ بلے بازی کر رہے تھے اپنی سنچری سے صرف پانچ رنز کی دوری پر صابر رحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بنگلہ دیش کی جانب سے مشرفی مرتضیٰ اور صابر رحمان نے ایک، ویک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلے باز جیسن روئے تھے جو ایک رن بنا کر مشرفی مرتضیٰ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بنگلہ دیش نے مقررہ پچاس اووروں میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے تھے۔
بنگلہ دیش کی اننگز کی خاص بات اوپنر تمیم اقبال کی سنچری اور مشفق الرحیم کی نصف سنچری رہی۔
تمیم اقبال نے 128 اور مشفق الرحیم نے 79 رنز کی اننگز کھیلی اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 166 رنز سکور کیے۔
بنگلہ دیش کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اوپنر سومیا سرکار تھے جو 56 کے مجموعی سکور پر 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز امرالقیس تھے جنھیں لیام پلنکیٹ نے 19 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا۔
اس کے بعد تمیم اقبال اور مشفق الرحیم نے ٹیم کو سنبھالہ دیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں عمدہ 166 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے لیام پلنکیٹ سب سے کامیاب بولر رہے۔ انھوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ جیک بال اور بین سٹوکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
تمیم اقبال نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 124 گیندوں پر 11 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی نویں سنچری سکور کی جبکہ مشفق الرحیم نے 48 گیندوں پر چارچوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری بنائی۔