پاکستان میں ریسلنگ کے مقابلوں کے پہلے مرحلے کا آغاز

ریسلنگ

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنپروفیشنل پہلوانوں میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق بین البراعظمی چیمپئنز کالیٹو اور ویڈ بیرٹ قابل ذکر ہیں

پاکستان میں ریسلنگ کے ہونے والے مقابلوں میں شرکت کے لیے تقریباً 20 غیرملکی پروفیشنل پہلوان پہلی بار آئے ہیں اور اس سلسلے کا پہلا مرحلہ بدھ کی شب کراچی میں منعقد ہوا۔

دوسرا مرحلہ 19 مئی کو لاہور میں جبکہ تیسرا اور آخری مقابلہ مرحلہ 21 مئی کو اسلام آباد میں ہوگا۔

پاکستان میں ان پروفیشنل پہلوانوں کے مقابلوں کا اہتمام پرو ریسلنگ انٹرٹینمنٹ گروپ نے کیا ہے۔

پاکستان آنے والے پروفیشنل پہلوانوں میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے سابق بین البراعظمی چیمپیئنز کالیٹو اور ویڈ بیرٹ قابل ذکر ہیں۔

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق ویڈ بیرٹ کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے اور انہیں یقین ہے کہ پاکستانی شائقین پہلوانی کے ان مقابلوں سےبہت لطف اندوز ہوں گے۔

،ویڈیو کیپشنعالمی پیشہ ور پہلوانوں کی پاکستان آمد

ویڈ بیرٹ کا کہنا ہے کہ انھوں نے سن رکھا ہے کہ پاکستان میں ریسلنگ کو بہت شوق سے دیکھا جاتا ہے اور پاکستانی شائقین کے لیے دنیا کے بہترین پہلوانوں کو اپنے سامنے دیکھنا ایک اچھا تجربہ ہوگا۔

کارلیٹو بھی پہلی بار پاکستان آنے پر بہت خوش ہیں۔ کارلیٹو نے دو ہزار چار میں امریکی چیمپئن شپ کے اپنے پہلے ہی مقابلے میں جان سینا کو شکست دی تھی۔

ان مقابلوں میں پاکستان کے واحد پہلوان بادشاہ خان حصہ لے رہے ہیں۔

بادشاہ خان کا کہنا ہے کہ غیرملکی پروفیشنل پہلوانوں کی پاکستان آمد سے دنیا بھر کو یہ مثبت پیغام دیا جاسکے گا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔