تیسرے ٹیسٹ میچ میں اظہر علی سینچری کی جانب گامزن

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین تیسرے اور آخری کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بارش کی مداخلت کے بعد اظہر علی اور بابر اعظم نے عمدہ شراکت قائم کر کے پاکستان کو اچھا پلیٹ فارم فراہم کر دیا ہے۔

ڈومینیکا کے ونڈزر سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنا لیے تھے۔

جب کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 85 جب کہ اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے یونس خان دس رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔

بدھ کو ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تو اظہر علی اور شان مسعود نے اننگز کی ابتدا کی۔

19 کے سکور پر پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب شان مسعود کو راسٹن چیز نے آؤٹ کر دیا لیکن اس کے بعد اظہر علی اور بابر اعظم نے کھانے کے وقفے تک پراعتماد بیٹنگ کی اور کھانے کے وقفے پر ٹیم کا سکور 70 رنز تک لے گئے۔

گذشتہ میچ میں دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہونے والے بابر اعظم نے اچھی بلے بازی کی اور نصف سنچری بنائی۔ وہ 55 رنز بنا کر جوزف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اظہر اور بابر نے دوسری وکٹ کی ساجھے داری میں 120 رنز جوڑے۔

پاکستان کے لیے یہ میچ نہ صرف اس لیے اہم ہے کہ اس میں فتح کی صورت میں وہ پہلی بار ویسٹ انڈیز کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دینے میں کامیاب ہو گا۔

یہ میچ پاکستان کے کپتان مصباح الحق اور پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے والے بیٹسمین یونس خان کے کریئر کا آخری میچ ہے۔

اس میچ کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جبکہ پاکستان نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔

بولر حسن علی کو لیگ سپنر شاداب خان کی جگہ ٹیسٹ ڈیبو کرایا گیا ہے جبکہ اوپننر احمد شہزاد کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ان کی جگہ اوپنر شان مسعود کو ٹیم میں جگہ ملی ہے۔