آئی سی سی کی ایک روزہ میچوں کی نئی درجہ بندی میں پاکستان بدستور آٹھویں نمبر پر

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایک روزہ میچوں کے نئی درجہ بندی کی فہرست جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستان کی ٹیم 88 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں پوزیشن پر ہے۔ یکم مئی کو شائع ہونے والی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 123 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو ایک سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستان کو نویں پوزیشن پر موجود ویسٹ انڈیز کے خلاف 9 ریٹنگ پوائنٹس کی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ اس جیت سے اس بات کے امکانات بڑھ گئے ہیں کہ پاکستان کی ٹیم 30 ستمبر تک آٹھویں پوزیشن پر ہی رہے گی جس کی مدد سے پاکستان 2019 میں ہونے والے ایک روزہ میچوں کے ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر لے گا۔

آئی سی سی کے فیوچرز ٹورز پروگرام کے مطابق ویسٹ انڈیز کو انگلینڈ اور انڈیا کے خلاف پانچ پانچ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے جبکہ وہ افغانستان کے خلاف بھی تین ایک روزہ میچز کھیلیں گے۔

دوسری جانب پاکستان کے 30 ستمبر سے پہلے ایک روزہ میچز صرف آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں ہوں گے جہاں وہ کم از کم تین اور زیادہ سے زیادہ پانچ میچز کھیل سکیں گے۔

ویسٹ انڈیز کو پاکستان سے اوپر جانے کے لیے انگلینڈ اور انڈیا کے خلاف اگلے تمام میچز میں نہ صرف کامیابی حاصل کرنے ہوگی بلکہ یہ بھی امید کرنی ہوگی کہ پاکستان چیمپیئنز ٹرافی میں اپنے میچوں میں شکست کھائے۔

البتہ ویسٹ انڈیز کے لیے ایسا کرنا مشکل دکھائی دے رہا ہے کیونکہ اس سال مارچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا تھا اور تینوں ایک روزہ میچوں میں باآسانی فتح حاصل کی تھی جبکہ اگلی سیریز انگلینڈ کے میدانوں پر ہوگی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ اور انڈیا کے خلاف میچوں میں شکست کی صورت میں ویسٹ انڈیز کی ریٹنگ پوائنٹس میں کمی بھی ہوگی جس کی وجہ سے پاکستان سے ان کے پوائنٹس کا فرق بڑھ سکتا ہے۔

آئی سی سی کی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کے بعد آسٹریلیا 118 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ انڈیا 117 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔