شاہد آفریدی کی کراچی کنگز میں بطور صدر شمولیت

،تصویر کا ذریعہTwitter
پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز کو بطور صدر جوائن کر لیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے گذشتہ دو ایڈیشنز میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی نے گذشتہ دنوں فرنچائز سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔
کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم شاہد آفریدی کے کراچی کنگز کا حصہ بننے پر بہت خوش ہیں۔
یاد رہے کہ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر پشاور زلمی سے علیحدہ ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کی ٹیم کے لیے ان کی نیک تمنائیں ہیں اور جہاں تک پشاور میں ان کے مداحوں کا تعلق ہے تو وہ جانتے ہیں کہ وہ جہاں بھی جائیں گے مداح ان کا ساتھ دیں گے۔
یاد رہے کہ پشاور زلمی پاکستان سپر لیگ 2017 کی چیمپیئن ٹیم ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں پشاور کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈیئٹرز سے ہوا تھا تاہم شاہد آفریدی زخمی ہونے کی وجہ سے فائنل کھیل نہیں سکے تھے۔
شاہد آفریدی نے 2016 میں پی ایس ایل کے پہلے ٹونامنٹ میں پشاور زلمی کی کپتانی کی تھی تاہم اس سال زلمی ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی ڈیرن سیمی کی قیادت میں کھیلی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ شاہد آفریدی پاکستان کی جانب سے 27 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں جن میں انھوں نے 36.51 رنز کی اوسط سے 1716 رنز بنائے ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے ٹیسٹ میچوں میں 48 وکٹیں بھی لے رکھی ہیں۔
ایک روزہ میچوں میں شاہد آفریدی نے پاکستان کی 398 مرتبہ نمائندگی کی جن میں انھوں نے 23.57 رنز کی اوسط سے 8064 رنز بنائے اور کل 395 وکٹیں لیں۔







