ایف آئی اے سے تحقیقات کے لیے نہیں کہا: کرکٹ بورڈ

    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کردیا ہے کہ اس نے پی ایس ایل سکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث کرکٹرز کے خلاف تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کو کوئی بھی باضابطہ درخواست نہیں کی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے مطابق ایف آئی اے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے باضابطہ درخواست نہیں کی کہ وہ ان کرکٹرز کے خلاف تحقیقات کرے البتہ ایف آئی اے سے صرف اتنا کہا گیا تھا کہ وہ ان کرکٹرز کے موبائل فون میں موجود ریکارڈ کے بارے میں اپنے وسائل کی مدد سے تصدیق کرے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ وضاحت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایف آئی اے نے کرپشن میں مبینہ طور پر ملوث کرکٹرز کے خلاف تحقیقات شروع کررکھی ہیں اور اس سلسلے میں دو کرکٹرز خالد لطیف اور محمد عرفان نے پیر کے روز ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوکر اپنے بیانات ریکارڈ کرائے ۔

شاہ زیب حسن اور شرجیل خان منگل کے روز ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونگے۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سکینڈل میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی اپنی تحقیقات اور اس ضمن میں ٹربیونل بنائے جانے کے بعد وزارت داخلہ بھی خاصی متحرک ہوچکی ہے اور اس نے بھی کرکٹرز کے خلاف تحقیقات کا اعلان کررکھا ہے اور کرپشن سکینڈل میں ملوث پانچ کرکٹرز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیے گئے ہیں۔