آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
امریکہ: جنسی استحصال کے الزامات کے بعد جمناسٹکس کے صدر کا استعفی
امریکہ میں جمناسٹکس ٹیم کے ایک ڈاکٹر پر جنسی استحصال کے الزامات کے بعد فیڈریشن نے اس معاملے پر جو رویہ اپنایا اس پر تشویش کی وجہ سے ادارے کے صدر نے استعفی دے دیا ہے۔
جمناسٹکس فیڈریشن کے صدر سٹیو پینی نے ان الزامات کے بعد استعفی دیا ہے کہ فیڈریشن نے جنسی استحصال کے دعوؤں پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی۔
ایک مقامی اخبار 'انڈيانا پولس سٹار نیوزپیپر' نے دعوی کیا ہے کہ کم سے کم 368 امریکی جمناسٹس نے جنسی استحصال کے الزامات عائد کیے ہیں۔
فیڈریشن کے صدر سٹیو پینی نے استعفی دینے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ 'ان جنسی بے ضابطگیوں کے واقعات کی معلومات سے مجھے کافی تکلیف پہنچی ہے۔'
'مجھے اس بات سے کراہت محسوس ہوتی ہے کہ نوجوانوں کا اس طرح سے استحصال کیا جائے گا۔'
انھوں نے مزید کہا: 'سربراہ کی حیثیت سے استعفی دینے کے میرے فیصلے کا مقصد اس وقت امریکی جمناسٹکس کے مفادات حمایت کرنا ہے۔'
جمناسٹکس ٹیم کے سابق ڈاکٹر لیری نیسر اس وقت بچوں کی فحش فلمیں بنانے اور ان کاجنسی استحصال کرنے کے الزام میں پولیس کی حراست میں ہیں۔