بنگلور ٹیسٹ میں پجارا اور ریہانے کی ذمہ دارانہ بیٹنگ، انڈیا کی برتری 126 رنز

،تصویر کا ذریعہAP
بنگلور ٹیسٹ کے تیسرے روز انڈیا نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی دوسری اننگز میں 126 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے جبکہ اس کی چھ وکٹیں باقی ہیں۔
انڈیا کی جانب سے چتیشور پچارا اور اجنکیا ریہانے نے ذمہ دارانہ بلے بازی کی۔ تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر بچارا 79 اور ریہانے 40 کے انفرادی سکور کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔
اس سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 276 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں 189 رنز بنائے تھے۔
اس طرح آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 87 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
انڈیا کی دوسری اننگز کا آغاز بھی متاثر کن نہ تھا اور 120 کے مجموعی سکور پر اس کی چار بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے۔
تاہم اس کے بعد ریہانے اور پچارا نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک مجموعی سکور میں 93 رنز کا اضافہ کیا۔
دونوں بلے بازوں نے آخری سیشن میں وکٹ گنوائے بغیر سکور 213 تک پہنچایا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چار کے انفرادی سکور پر نیتھن لائن کی گیند کر سٹیو سمتھ نے پچارا کا کیچ ڈراپ کر دیا تھا جس کا انھوں نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ریہانے کے ساتھ انڈیا کی جانب سے اس سیریز کی سب سے کامیاب پارٹنرشپ قائم کی۔
دیگر بلے بازوں میں اوپنر کے ایل راہل 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے تین اور اوکیف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے آسٹریلیا کو چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔









