پہلے اوکیف اور اب لیون، بنگلور ٹیسٹ میں انڈیا 189 رنز پر ڈھیر

،تصویر کا ذریعہReuters
بنگلور میں انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ایک بار پھر مہمان ٹیم کے سپنرز نے انڈین بلے بازوں کو مشکل میں ڈالے رکھا اور انھیں کریز پر جمنے نہیں دیا۔
سنیچر کو دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے کھیل کا جب اختتام ہوا تو انڈیا کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد اپنی پہلی اننگز میں 189 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جبکہ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں بنا کسی وکٹ کے نقصان پر 40 رنز بنا لیے تھے۔
انڈین کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر لوکیش راہُل کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کریز پر جم کر نہ کھیل سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایک بار پھر سپنرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور سپن بولنگ کو بہتر انداز میں کھیلنے کے لیے مشہور انڈین بلے باز اپنے ہی میدان پر انھیں کھیلنے میں ناکام دکھائی دیے۔
نیتھن لیون نے عمدہ بولنگ کی اور صرف 50 رنز عوض آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ سٹیو اوکیف اور مچل سٹارک نے ایک، ایک وکٹ کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انڈیا کی جانب سے لوکیش راہل نے 90، پجارا نے 17 جبکہ کپتان وراٹ کوہلی جن سے پہلے میچ کے بعد ایک بہتر کارکردگی کی امید کی جا رہی تھی نے صرف 12 رنز بنائے اور لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
جواب میں آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور نوجوان بلے باز میٹ رینشو نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلے دن کے کھیل کے اختتام تک کریز پر جمے رہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ اس سے قبل کھیلے جانے والے سیریز کے ابتدائی ٹیسٹ میچ میں بھی آسٹریلوی سپنرز نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈین بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی تھی۔
آسٹریلیا نے یہ میچ 333 رنز سے باآسانی جیت لیا تھا۔ اس میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے سٹیو او کیف نے کل 12 وکٹیں حاصل کی تھیں۔







