آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پی ایس ایل: پشاور زلمی کی فتح، فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ
پاکستان سپر لیگ میں دبئی میں کھیلے گئے پلے آف مرحلے کے آخری میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
پانچ مارچ کو پشاور زلمی کا فائنل میں سامنا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا سکی۔
کراچی کنگز کی جانب سے کرس گیل اور کیئرن پولارڈ کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔
182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم اور کرس گیل کی اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں بابر اعظم ایک رن بنا کر کرس جورڈن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کراچی کنگز کی دوسری وکٹ 19 کے مجموعی سکور پر گری جب سنگاکارا 16 رنز بنا کر وہاب رہاض کا شکار بنے جبکہ شعیب ملک بغیر کوئی رن بنائے کرس جورڈن کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کرس گیل تھے جنھوں نے 40 رنز بنائے اور انھیں وہاب ریاض نے بولڈ کر دیا۔
کراچی کنگز کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین روی بوپارہ تھے جو چھ رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
چھٹے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین کیئرن پولارڈ تھے جنھوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے صرف 25 گیندوں پر 47 رنز بنائے، انھیں وہاب رہاض نے آؤٹ کیا۔
کرس جورڈن نے عماد وسیم کو 24 کے انفرادی سکور پر آؤٹ کر کے ساتویں کامیابی حاصل کی ہے۔
پشاور زلمی کی جانب سے کرس جورڈن اور وہاب ریاض نے تین، تین جبکہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی اننگز کی خاص بات کامران اکمل کی شاندار بیٹنگ کی تھی جنھوں نے صرف 60 گیندوں پر سات چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے اپنی سینچری مکمل کی۔
پی ایس ایل میں کامران اکمل سینچری سکور کرنے والے دوسرے بلے باز ہیں اس سے قبل پی ایس ایل کے افتتاحی سیزن میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان نے سینچری سکور کی تھی۔
پشاور زلمی کی پہلی وکٹ 97 کے مجموعی سکور پر گری جب ڈیوڈ میلان 36 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد کامران اکمل نے سیمیولز کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں بھی 50 سے زائد رنز بنائے۔
کامران اکمل 65 گیندوں پر 104 رنز بنا کر آخری اوور میں محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی تیسری وکٹ آخری اوور میں ہی گری جب شاہد آفریدی بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے جبکہ مارلن سیمیولز 37 اور ڈیرن سیمی بغیر کون رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
خیال رہے کہ پی ایس فائنل کے لیے کئی غیرملکی کھلاڑی سکیورٹی خدشات کی بنا پر لاہور آنے سے انکار کر چکے ہیں جن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پیٹرسن، رائلی روسواور ٹائل ملز شامل ہیں جبکہ پشاور زلمی ٹیم کے سربراہ جاوید آفریدی نے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں اپنی ٹیم میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں کے پاکستان آنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔