175 رنز کے تعاقب میں آفریدی کی نصف سنچری رائیگاں، کراچی کنگز کی دوسری جیت

متحدہ عرب امارات کے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں جاری پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو نو رنز سے شکست دے دی ہے۔

اب سے کچھ دیر قبل پشاور زلمی کی ٹیم 165 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔

جب پشاور زلمی نے 175 رنز کے تعاقب میں اپنی اننگز شروع کی تو ان کے اوپنرز نے چار اوورز میں 32 رنز بنا لیے تھے۔

زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور تمیم اقبال نے اننگز کی شروعات کیں جبکہ کراچی کنگز کی طرف سے عماد وسیم نے پہلا اور محمد عامر نے دوسرا اوور کرایا۔

لیکن اس کے بعد پانچ گیندوں پر ان کی تین وکٹیں گر گئیں اور صرف 69 رنز پر چھ کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔

آئن مورگن کی اہم وکٹ شعیب ملک نے حاصل کی جو اس ٹورنامنٹ میں اپنا آخری میچ کھیل رہے تھے اور صرف تین رنز بنا سکے۔

اس کے بعد شاہد آفریدی اور کپتان ڈیرن سیمی نے دھواں دار بیٹنگ کرتےہوئے صرف چھ اوورز میں ستر رنز کی شراکت قائم کی جس کے مدد سے پشاور زلمی کی جیت کی امیدیں بحال ہوگئی تھیں لیکن لیکن سہیل خان نے کپتان سیمی کو 34 رنز پر آؤٹ کر دیا۔

وہاب ریاض کے آؤٹ ہونے کے بعد آفریدی اور حسن خان نے حوصلہ نہیں ہارا اور آخری اوور میں پشاور زلمی کو 18 رنز درکار تھے۔ آفریدی ایک چھکا لگانے میں کامیاب ہو گئے لیکن اسامہ میر نے لگاتار دو آؤٹ کر کے کراچی کی مسلسل دوسری فتح یقینی بنا دی۔

اس سے پہلے کراچی کنگز نے بیس اوورز کے اختتام تک چار وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے تھے۔

روی بوپارا اور شعیب ملک نے چار اوورز میں 44 رنز بنا کر سکور کو آگے بڑھایا۔

شعیب ملک نے آخری اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کی اور صرف 27 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔ روی بوپارا نے ایک بار پھر اچھی کارگردگی دکھائی لیکن بیس گیندوں پر تیس رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کرس گیل ایک دفعہ پھر ناکام ہو گئے اور صرف 11 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ باؤنڈری پرموجود آئن مورگن نے ان کا زبردست کیچ لیا۔

بابر اعظم اور کپتان کمار سنگاکارا نے کراچی کو اچھا آغاز دیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 72 رنز بنائے تھے۔

اس میچ کے اختتام کے بعد کراچی کنگز اب پانچ میچ کھیل کر چار پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہے جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم بدستور تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔

پیر کے روز شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں اسلام آباد یونایئٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے مقابلہ ہوگا جس کے بعد ٹورنامنٹ واپس دبئی منتقل ہو جائے گا۔