کوئٹہ کے پانچ غیرملکی کرکٹرز کا لاہور نہ جانے کا فیصلہ

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچ غیرملکی کرکٹرز نے سکیورٹی کے خدشات کے سبب لاہور نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے جہاں پانچ مارچ کو اس لیگ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

ان کرکٹرز میں انگلینڈ کے کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ، ٹائمل ملز، جنوبی افریقہ کے رائلی روسواور نیوزی لینڈ کے نیتھن میککلم شامل ہیں۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ فائنل میں شامل دونوں ٹیمیں میں چار چار غیر ملکی کرکٹرز شامل ہوں گے۔

شارجہ میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق پیٹرسن، رائٹ، ملز اور میککلم نے اس بارے میں منگل کی شب ہی اعلان کر دیا تھا اور پیٹرسن تو پہلے پلے آف کے فوراً بعد انگلینڈ بھی روانہ ہوگئے تھے۔

رائلی روسو نے اپنے لاہور نہ جانے کی تصدیق بدھ کی شام ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کی۔

اپنے پیغام میں روسو کا کہنا تھا کہ ’وہ لوگ جو تاحال بےیقینی کا شکار ہیں، میں ایک بوجھل دل کے ساتھ اعلان کر رہا ہوں کہ میں فائنل میں حصہ نہیں لوں گا۔‘

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپنے پانچ کھلاڑیوں کے لاہور نہ جانے کے اعلان کے بعد فائنل کے لیے اس فہرست میں سے غیرملکی کرکٹرز کا انتخاب کرنا ہوگا جو پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرنچائز مالکان کے سپرد کی ہے۔

کوئٹہ نے پہلے پلے آف میں پشاور زلمی کو ایک رن سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی کمنٹری کرنے والے تین غیرملکی کمنٹیٹرز بھی لاہور نہ جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور فائنل کی کمنٹری ٹیم رمیز راجہ، بازید خان اور وقاریونس پر مشتمل ہوگی۔

وقاریونس پی ایس ایل کے دبئی اور شارجہ میں کھیلے جانے والے میچز کی کمنٹری ٹیم میں شامل نہیں تھے۔