آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پی ایس ایل: لاہور قلندرز نے دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائٹیڈ کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا
دبئی میں جاری پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو میں آج کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائٹیڈ کو لاہور قلندرز کے ہاتھوں چھ وکٹوں سے شکست ہو گئی۔
دونں ٹیموں کے ٹاپ سکوررز میں صرف ایک رن کا فرق تھا لیکن اصل فرق تھا کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان مصباح الحق کوپارٹنرشپ کے لیے کوئی ساتھی نہ مل سکا۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کے جیسن رائے نے پہلے کپتان برینڈن میککلم، پھر عمل اکمر اور آخر میں سنیل نارائن کے ساتھ مختلف شراکت داریاں قائم کیں اور ان کی مدد سے لاہور کو ایک آسان فتح میسر آئی۔
جیسن رائے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ گئے جبکہ ان کے ساتھی بلے باز سنیل نارائن نے صرف 12 گیندوں پر 26 رنز بنائے اور وننگ شاٹ بھی کھیلا۔
159 رنز کے تعاقب میں قلندز نے اسی طرح تیزی سے بیٹنگ شروع کی جیسی انھوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کی تھی لیکن اس دفعہ دو وکٹیں گرنے کے بعد وہ پریشان نہیں ہوئے اور اطمینان سے اسلام آباد یونائٹیڈ کی بولنگ کا سامنا کیا جو کہ محمد عرفان کے نہ ہونے سے کچھ کمزور تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے پہلے کپتان مصباح الحق کی شاندار بیٹنگ کے مدد سے اسلام آباد یونائٹیڈ 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔
73 رنز کے اچھے آغاز کے باوجود یونائٹیڈ کے بقیہ کھلاڑی خاطر خواہ کھیل نہ پیش کر سکے اور گرانٹ ایلیٹ کو اپنی وکٹوں گنواتے گئے۔
قلندرز کے ایلیٹ نے چار اووروں میں 23 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔
لیکن کپتان مصباح ہمیشہ کی طرح ڈٹے رہے اور 61 رنز ناٹ آؤٹ بنائے جس میں پانچ بلند و بالا چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔
ان کے علاوہ صرف اوپنرز ڈیوائن سمتھ اور سیم بلنگز ڈبل فگرز کے ہندسے میں داخل ہوئے۔
ٹورنامنٹ میں یہ لاہور قلندرز کی پہلی فتح ہے جبکہ اسلام آباد کی ٹیم ایک میچ جیت چکی ہے۔
یاد رہے کہ کل جمعے کو ان کی ٹیم کے دو کھلاڑی شرجیل خان اور خالد لطیف کو مبینہ طور پر بک میکرز سے رابطے کے بعد ٹورنامنٹ سے معطل کر دیا گیا تھا جبکہ محمد عرفان سے تفتیش جاری ہے۔
لاہور قلندرز نے کل اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سخت مقابلہ دیا لیکن آٹھ رنز سے ان کو شکست ہو گئی۔
آج کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں کراچی کنگز کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہو گا۔