آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’مصباح کی کپتانی، پاکستانی کرکٹ کے بڑوں میں اختلاف‘
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے پاکستانی کرکٹ کی چار اہم شخصیات نے جمعرات کو دبئی میں ایک غیرمعمولی ملاقات کی ہے۔
اس ملاقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان، پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر، چیف سلیکٹر انضمام الحق اور کپتان مصباح الحق شریک ہوئے۔
بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ پاکستانی کرکٹ کے تین بڑے مصباح الحق کے بارے میں مختلف رائے رکھے ہوئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر چاہتے ہیں کہ ویسٹ انڈیز کے دورے میں مصباح الحق کو ہی کپتان برقرار رکھا جائے اور اس کے بعد انہیں بین الاقوامی کرکٹ سے رخصت کرکے نئے کپتان کی تقرری کردی جائے۔
لیکن انضمام الحق کا خیال ہے کہ نئے کپتان کی تقرری ویسٹ انڈیز کے دورے کے لیے ہی کردی جائے۔ دوسرے لفظوں میں وہ مصباح الحق کو کپتان برقرار رکھنے کے حق میں دکھائی نہیں دیتے۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چیف سلیکٹر تینوں فارمیٹس میں ایک ہی کپتان کی تقرری کے حق میں بھی ہیں۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کا خیال ہے کہ تینوں فارمیٹس میں سرفراز احمد کو کپتان بنانے سے سرفراز پر غیر ضروری دباؤ آ جائے گا لہٰذا فی الحال انہیں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے تک ہی محدود رکھا جائے۔
مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد نئے کپتان کے طور پر یونس خان کا نام بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے سامنے رکھا گیا ہے کہ انہیں ایک سال تک کے لیے کپتان مقرر کردیا جائے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ یونس خان دوبارہ کپتان بننے کی خواہش ظاہر کرچکے ہیں حالانکہ وہ ماضی میں شہریار خان کے دور ہی میں اچانک کپتانی چھوڑ کر سب کو حیران اور خود شہریار خان کو مایوس کرچکے ہیں۔