آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ایڈیلیڈ کا میچ اور ون ڈے سیریز آسٹریلیا کے نام
آسٹریلیا نے پاکستان کو پانچویں اور آخری ایک روزہ کرکٹ میچ میں 57 رنز سے شکست دے کر سیریز چار ایک سے جیت لی ہے۔
ایڈیلیڈ میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 369 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 49 اوورز میں 312 رنز بنا سکی۔
پاکستانی اننگز میں بابر اعظم اور شرجیل خان نمایاں بلے باز رہے۔
بابر اعظم نے سنچری سکور کی جبکہ شرجیل ایک مرتبہ پھر سنچری مکمل نہ کر سکے اور 79 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ان دونوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے۔
ان دونوں کے علاوہ عمر اکمل نے 46 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی یہ کوشش ٹیم کے کسی کام نہ آ سکی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان تینوں کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور کپتان اظہر علی چھ جبکہ محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
تجربہ کار بلے باز شعیب ملک کلائی پر پیٹ کمنز کی گیند لگنے کی وجہ سے کھیل جاری نہ رکھ سکے اور انھیں میدان سے باہر جانا پڑا۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے تین جب کہ ہیزل وڈ، زمپا اور پیٹر کمنز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ابتدائی نقصان کے بعد شرجیل خان اور بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 369 رنز بنائے۔
اس اننگز کی خاص بات آسٹریلوی اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ کی شاندار بلے بازی تھی۔ انھوں نے پہلی وکٹ کے لیے 284 رنز کی شراکت قائم کی جو کہ ایک نیا آسٹریلوی ریکارڈ ہے۔
یہ 17 ویں بار ہے کہ پاکستان کے خلاف ایک روزہ میچ میں پہلی وکٹ کی شراکت میں 100 رنز سے زیادہ کی شرکت ہوئی ہے۔
یکم جنوری 2015 سے آسٹریلیا کا پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوسط سکور 325 ہے اور اس نے 13 میں سے نو اننگز میں 300 سے زیادہ سکور کیا ہے۔
پاکستان کے کپتان اظہر علی نے پہلے اوور کی پہلی گیند پر وارنر کا کیچ ڈراپ کیا جو بہت مہنگا ثابت ہوا اور وارنر 179 رنز بنانے کے بعد جنید خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
وارنر کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستان کو دوسری کامیابی اس وقت ملی جب اسی اوور میں جنید کی گیند پر وہاب ریاض نے سمتھ کا ایک شاندار کیچ پکڑا۔
ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم باآسانی 400 رنز بنانے میں کامیاب رہے گی تاہم آخری اوورز میں یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے سے ایسا نہ ہو سکا۔
پاکستان کے لیے جنید خان اور حسن علی نے دو، دو جبکہ محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے ایک ایک تبدیلی کی۔ آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کی جگہ جیمز فاکنر کو ٹیم میں شامل کیا ہے جبکہ پاکستان نے عماد وسیم کی جگہ وہاب ریاض کو ٹیم کا حصہ بنایا تھا۔