ممبئی ٹیسٹ کا پہلا دن نوجوان جیننگز کے نام

انڈیا اور انگلینڈ ‌کے مابین پانچ کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام تک مہمان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنا لیے تھے۔

پہلے دن کے کھیل کے خاص بات اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے انگلش بیٹسمین کیٹن جیننگز کی عمدہ سینچری تھی۔

جمعرات سے ممبئی کے ونکھیڈے سٹیڈیم میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جب کھیل ختم ہوا تو بین سٹوکس 25 اور جوز بٹلز 18 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

انگلیڈ کے کپتان ایلسٹر کک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور اپنا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے کیٹن جیننگز کے ساتھ 99 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ کک 42 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جو روٹ تھے جنھوں نے 21 رنز بنائے۔

اس کے بعد معین علی اور کیٹن جیننگز نے عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے سکور میں 94 رنز کا اضافہ کیا۔

معین علی نے 50 رنز بنائے اور کیٹن جیننگز نے کامیابی سے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں سینچری مکمل کی اور 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تاہم چائے کے وقفے کے بعد روی چندرن ایشون نے انگلینڈ کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس آنے میں مدد فراہم کی۔

انڈیا کی جانب سے ایشون ایک بار پھر سب سے کامیاب بولر رہے اور چار کھلاڑیوں کا آؤٹ کیا جبکہ ایک وکٹ رویندر جاڈیجہ کے حصے میں آئی۔

خیال رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں کے سیریز میں انڈیا کا دو صفر کی برتری حاصل ہے۔ راجکوٹ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا جبکہ موہالی اور وشاکھاپٹنم میں انڈیا نے فتح اپنے نام کی تھی۔