موہالی ٹیسٹ میں انگلینڈ کی دوسری اننگز مشکل میں

موہالی میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 78 رنز بنائے ہیں۔

انگلینڈ کو انڈیا کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مزید 56 رنز درکار ہیں۔

انگلینڈ کو دوسری اننگز کے شروع میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب کپتان کک 27 کے مجموعی سکور پر 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد آنے والے بلے باز معین علی بھی زیادہ دیر کریز پر ٹھہر نہیں سکے اور 5 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

آؤٹ ہونے والے تیسرے بلے باز بئیرسٹو تھے جو 15 رنز بنا سکے۔

میچ کے تیسرے دن انڈیا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 71 رنز پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔

تیسرے دن انڈیا کی پہلی وکٹ ایشون کی گری جو 72 رنز بنا کر سٹوکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اس کے بعد رویندر جاڈیجہ 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور اننگز میں سب سے زیادہ سکور کیا۔

انڈیا کی ساری ٹیم 417 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اسے انگلینڈ پر 134 رنز کی برتری حاصل تھی۔

انڈیا کی جانب سے مرلی وجے اور پارتھو پٹیل نے اننگز کا آغاز کیا اور اس کی پہلی وکٹ 39 کے مجموعی سکور پر گری جب مرلی وجے 12 رنز بنا کر سٹوکس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

دیگر بلے بازوں میں پٹیل 42، پچارا 51، کوہلی 62، کرن نائر چار اور ریہانے بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

ایک موقع پر انڈیا کی 156 کے مجموعی پر پانچ وکٹیں گر چکی تھیں تاہم بعد میں ایشون اور جڈیجہ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 97 رنز کی شراکت قائم کی۔

انگلینڈ‌کی جانب سے عادل رشید نے 4 اور سٹوکس نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انڈیا کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

وشاکھاپنٹم میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انڈیا نے انگلینڈ کو 246 رنز سے شکست دی تھی جب کہ راجکوٹ میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر ہار جیت کے فیصلے کے ختم ہو گیا تھا۔