آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان 304، یونس خان 127 رنز پر آؤٹ
ابوظہبی میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان نے پہلے دن کے اختتام پر چار وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
میچ کے پہلے دن کے آخری اوور میں یونس خان باؤنڈی لگانے کی کوشش میں 127 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پہلے دن کے اختتام پر کپتان مصباح الحق 90 پر کھیل رہے تھے جب کہ یونس خان کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ خراب روشنی کے باعث روک دیا گیا۔
یاسر شاہ نائٹ واچ مین کے طور پر گراؤنڈ میں آنے کو تیار تھے لیکن ان کو روک دیا گیا۔
یونس خان جو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائے تھے پراعتماد بیٹنگ کی اور اپنی 33 ویں سنچری مکمل کی۔
یونس خان کو چائے کے وقفے سے قبل کے آخری اوور میں ایک چانس ملا جب بریتھ ویٹ نے اپنی ہی گیند پر یونس خان کا کیچ ڈراپ کر دیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس سے قبل اسد شفیق اور یونس خان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 87 رنز سکور کیے۔
اسد شفیق نے 68 رنز سکور کیے اور گیبریئل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
کھانے کے وقفے سے قبل اسد شفیق نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 68 گیندوں پر اپنی 16ویں نصف سنچری مکمل کی۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز اظہر علی تھے جو بنا کوئی رن بنائے گیبریئل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
آؤٹ ہونے والے دوسرے پاکستانی بلے باز سمیع اسلم تھے جو لیگ سپنر بھشو کی گیند پر چھ رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔
جمعے کو کھیل کے پہلے دن پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
چند دلچسپ اعداد و شمار
- ابو ظہبی میں پاکستان کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہارا۔ اس میچ سے قبل پاکستان نے ابو ظہبی میں آٹھ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے چار جیتے اور چار بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
- اسد شفیق نے 75 ویں اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کیے ہیں۔ ان سے کم اننگز میں تین ہزار مکمل کرنے والے پاکستانی کھلاڑیوں میں جاوید میانداد، یوسف، سعید انور، یونس خان اور ماجد خان ہیں۔ میانداد اور یوسف نے تین ہزار رنز 67 اننگز میں مکمل کیے، سعید انور نے 68 اننگز، یونس خان نے 70 اور ماجد خان نے 72 اننگز میں تین ہزار رنز مکمل کیے۔
- مصباح الحق اور عمران خان برابر ہو گئے ہیں۔ عمران خان نے 48 ٹیسٹ میچوں میں کپتانی کی جبکہ مصباح الحق کا بھی ابو ظہبی میں کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ 48 واں ٹیسٹ ہے جس میں وہ پاکستانی ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔
دبئی ٹیسٹ جیتنے والی ٹیم میں شامل وہاب ریاض، محمد عامر اور بابر اعظم یہ میچ نہیں کھیل رہے اور ان کی جگہ یونس خان، آف سپنر ذوالفقار بابر اور فاسٹ بولر راحت علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز نے بھی اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور ڈورچ کے زخمی ہونے کے باعث ان کی جگہ شائے ہوپ یہ میچ کھیل رہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کو اس ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 56 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
ابوظہبی میں پاکستانی ٹیم اب تک ٹیسٹ میچوں میں ناقابل شکست رہی ہے۔ اس نے اس میدان میں آٹھ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے چار جیتے اور چار ڈرا ہوئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کا ملک سے باہر یہ 250 واں ٹیسٹ میچ ہے۔ اس نے اب تک کھیلے گئے 249 ٹیسٹ میچوں میں 73 جیتے ہیں 91 میں اسے شکست ہوئی ہے اور85 ڈرا ہوئے ہیں۔