ویسٹ انڈیز پر فالو آن کا خطرہ منڈ لا رہا ہے

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف دبئی کے ڈے نائٹ ٹیسٹ میں فالو آن کے خطرے سے دوچار ہے۔
تیسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو اس نے اپنی پہلی اننگز میں 315 رنز بنائے تھے اور اس کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔
فالو آن سے بچنے کے لیے اسے اب بھی 65 رنز درکار ہیں اور کی 4 وکٹیں باقی ہیں۔
ویسٹ انڈین اننگز کی خاص بات ڈیرن براوو اور مارلن سیمیولز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ تھی۔
براوو 87 اور سیمیولز 76 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز نے تیسرے دن 69 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی تو دوسرے ہی اوور میں یاسر شاہ نے کریگ بریتھ ویٹ کے دفاع میں شگاف ڈالتے ہوئے انھیں 32 کے انفرادی سکور پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ لیکن اس کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کے دو سب سے تجربہ کار بیٹسمینوں براوو اور سیمیولز کی پراعتماد بیٹنگ نے پاکستانی کھلاڑیوں کے صبر کا امتحان لینا شروع کردیا۔
سیمیولز نے جو اس سے قبل آسٹریلیا اور سری لنکا کے دوروں میں بری طرح ناکام رہے تھے اپنی ٹیم کے نقطہ نظر سے ایک اہم اننگز کھیلی۔ تاہم وہ 22 اننگز میں اپنی پہلی سنچری تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
انہیں 76 کے انفرادی اسکور پر سہیل خان نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ اس ٹیسٹ میچ میں کسی بھی فاسٹ بولر کی پہلی کامیابی تھی۔
سیمیولز کو اپنی اننگز میں ایک موقع ملا جب 54 کے سکور پر اظہرعلی اپنی ہی بولنگ پر ان کا کیچ لینے میں ناکام رہے۔ اس کوشش میں ان کا ہاتھ زخمی ہوگیا اور انھیں کچھ دیر کے لیے میدان سے باہر جانا پڑا۔
مارلن سیمیولز اور ڈیرن براوو نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 113 رنز کا اضافہ کیا۔
ڈیرن براوو نے جرمین بلیک وڈ کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 77 رنز بنائے۔
بلیک ووڈ چھ چوکوں کی مدد سے 37 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
وہاب ریاض نے دوسری کامیابی روسٹن چیس کو 6 رنز پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ کراکر حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز کی پانچویں وکٹ 266 رنز پر گری جس کے بعد ڈیرن براوو اور شین ڈاؤرچ نے سکور میں 34 رنز کا اضافہ کیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
کھیل کے اختتامی لمحات میں ویسٹ انڈیز کو 300 کے سکور پر اپنی سب سے قیمتی وکٹ سے ہاتھ دھونا پڑا جب ڈیرن براوو نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 87 رنز بناکر محمد نواز کی گیند پر اظہرعلی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔
یہ محمد نواز کی پہلی ٹیسٹ وکٹ تھی۔
ڈیرن براوو دسمبر 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف ہوبارٹ میں سنچری بنانے کے بعد سے 12 اننگز بغیر سنچری کے کھیل چکے ہیں۔
کھیل کے اختتام پر ڈاؤرچ 27 اور کپتان جیسن ہولڈر 10 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
امپائر پال رائفل نے محمد نواز کو دو مرتبہ جبکہ وہاب ریاض کو ایک مرتبہ وکٹ کے خطرناک حصے پر دوڑنے پر آفیشنل وارننگ دی۔
وہاب ریاض نے ٹیسٹ میچوں میں اپنی نوبال کی نصف سنچری بھی مکمل کی۔وہ اب تک انیس ٹیسٹ میچوں میں 54 نوبال کرچکے ہیں۔







