انڈیا کی پہلی اننگز 557 رنز پر ڈکلیئر، کوہلی کی عمدہ ڈبل سنچری

انڈیا کے شہر اندور میں نیوزی لینڈ اور انڈیا کے مابین تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز انڈیا نے پانچ وکٹوں پر 557 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔

نیوزی لینڈ نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 28 رنز بنائے تھے۔

اتوار کو دوسرے روز کا کھیل جب شروع ہوا تو اس وقت کوہلی 103 اور ریہانے 79 پر کھیل رہے تھے۔

کوہلی نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی اور ریہانے 188 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوہلی نے 20 چوکوں کی مدد سے 211 رنز بنائے۔ ان کو پٹیل نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ یہ ان کی روان سال بطور کپتان دوسری ڈبل سنچری ہے۔

اس سے قبل انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انڈیا کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب وجے 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کو دوسری کامیابی 60 کے مجموعی سکور پر ملی جب گمبھیر 29 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

نیوزی لینڈ کو تیسری کامیابی 100 کے مجموعی سکور پر ملی۔ پجارا 41 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد کوہلی اور ریہانے نے مل کر 365 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

یاد رہے کہ انڈیا پہلی دو ٹیسٹ میچ جیت چکا ہے۔