ایپل کے آپریٹنگ سسٹم میں خامیوں کا انکشاف

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ٹیکنالوجی کی معروف امریکی کمپنی ایپل کے آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم میں ایسی خامیوں کا پتہ چلا ہے جن کی وجہ سے کسی بھی ایپل ڈیوائس پر صرف ایک خاص لنک پر کلک کرنے کی صورت میں اس پر ’سپائی ویئر‘ انسٹال کیا جا سکتا ہے۔
ایپل کے آپریٹنگ سسٹم میں ان خامیوں کے بارے میں اس وقت پتہ چلا جب انسانی حقوق کے ایک وکیل احمد منصور نے ایپل کی سکیورٹی کے ماہرین کو انھیں ملنے والے عجیب ٹیکسٹ پیغامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
احمد منصور کی نشاندہی کے بعد ایپل کی سکیورٹی کے ماہرین کو ایپل کے کوڈ میں تین نامعلوم خامیوں کے بارے میں پتہ چلا۔
ایپل نے ان خرابیوں کو دور کرنے کے لیے ایک نیا سافٹ ویئر پیچ جاری کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAP
ایپل کی سکیورٹی پر مامور دو کمپنیوں سیٹیزن لیب اور لک آؤٹ کا کہنا ہے انھوں نے اس خرابی کے دور ہونے تک اس کی تفصیل عام نہیں کی۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں رہنے والے انسانی حقوق کے ایک وکیل احمد منصور کو یہ پیغامات 10 اور 11 اگست کو ملے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان پیغامات میں احمد منصور سے کہا گیا کہ اگر وہ ان لنکس پر کلک کریں تو انھیں یو اے ای کی جیلوں میں ہونے والے مبینہ تشدد کے ’رازوں‘ کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

،تصویر کا ذریعہAP
سیٹیزن لیب کا کہنا ہے کہ اگر احمد منصور ان لنکس پر کلک کرتے تو ان کا آئی فون سکس ’جیل بروکن‘ ہو جاتا جس کا مطلب ہے کہ ان کے آئی فون پر غیر قانونی سافٹ ویئر کو انسٹال کیا جا سکتا تھا۔
سیٹیزن لیب کے مطابق ایسا کرنے سے احمد منصور کی جیب میں موجود ان کا آئی فون ایک ڈیجیٹل جاسوس بن جاتا اور ان کے آئی فون کا کیمرہ اور مائیکرو فون ان کے قرب و جوار کا مشاہدہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے آئی فون پر آنے والی واٹس ایپ اور وائبر کی کالوں کو ریکارڈ کرنے کے علاوہ ان کے پیغامات اور چیٹ کو بھی ٹریک کر لیتا۔







