انٹرنیٹ پر ’جنک فوڈ‘ کے اشتہارات پر پابندی کا امکان

بچوں کے ٹی وی چینلز پر غیر صحت مند کھانوں کے اشتہارات چلانے پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے

،تصویر کا ذریعہTHINKSTOCK

،تصویر کا کیپشنبچوں کے ٹی وی چینلز پر غیر صحت مند کھانوں کے اشتہارات چلانے پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے

برطانیہ میں اشتہارات کی نگرانی کرنے والے ادارے کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ پر موجود آن لائن مواد دیکھنے کے دوران نشر ہونے والے ’جنک فوڈ‘ کے اشتہارات پر جلد پابندی عائد کر دی جائے گی۔

بچوں کے ٹی وی چینلز پر غیر صحت مند کھانوں کے اشتہارات چلانے پر پہلے ہی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

اشتہارات کی نگرانی کرنے والے ادارے کی کمیٹی فار ایڈورٹائزنگ پریکٹس غیر صحت مند کھانوں کے اشتہارات پر پابندی کے سلسلے میں جلد عوامی رابطہ مہم چلائے گی۔

اس پابندی کا اطلاق یو ٹیوب پر نشر ہونے والے اشتہارت پر ہو گا۔

سنہ 2007 میں براڈکاسٹنگ ریگولیٹر آف کوم نے ٹی وی پروگرامز کے دوران زیادہ شکر اور چکنائی والی خوراک کے اشتہارات پر سخت پابندی عائد کی تھی۔

جنک فوڈ بنانے والی کمپنیاں نوجوانوں کے لیے آن لائن ویڈیو کے ذریعے اپنی مصنوعات کی ترویج کرتی ہیں۔

برطانیہ میں ایڈورٹائزنگ سٹینڈرڈ اتھارٹی اشتہارت کا معائنہ کرتی ہے۔ براڈ کاسٹنگ میڈیا کے علاوہ نان براڈ کاسٹنگ میڈیا جیسے اخبارات، بل بورڈ اور آن لائن وڈیوز کی نگرانی بھی ایڈورٹائزنگ سٹینڈرڈ اتھارٹی کی ذمہ داری ہے۔

بی بی سی کے مطابق کمیٹی فار ایڈوٹائزنگ پریکٹس اس سلسلے میں عوامی رابطے کی مہم رواں سال موسم گرما سے پہلے شروع کرے گی۔