سام سنگ کے منافع میں 60 فیصد کمی کا امکان

،تصویر کا ذریعہEPA
الیکٹرانکس مصنوعات اور موبائل فون بنانے والی جنوبی کوریائی کمپنی سام سنگ نے رواں سہ ماہی میں اپنے منافع میں گذشتہ برس کے مقابلے 60 فیصد تک کمی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس کی بڑی وجہ گلیكسي سیریز کے سمارٹ فونوں کی فروخت میں آنے والی کمی ہے۔
دنیا میں موبائل اور ٹی وی بنانے والی سب سے بڑی کمپنی نے جولائی سے ستمبر کے دوران ممکنہ آمدن چار ارب دس کروڑ وان یا تین ارب 80 کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
تجزیہ کاروں نے اس عرصے میں کمپنی کی آمدن پانچ ارب 20 کروڑ رہنے کا تخمینہ لگایا تھا۔
کمپنی اس ماہ کے آخر میں اپنے مکمل اقتصادی نتائج پیش کرے گی۔
سام سنگ کو موبائل کے کاروبار میں حریف کمپنیوں ایپل، چینی کمپنی شيومي اور لینووو سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
بازار میں پیش کیے جانے والے سستے سمارٹ فونز کی وجہ سے کمپنی کے گلیکسی فونز کی فروخت میں کمی آئی ہے۔
کمپنی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سخت مقابلے کے درمیان فون کی فروخت تو تھوڑی بڑھی ہے لیکن تشہیر کے اخرجات بڑھنے اور فون کی اوسط قیمت میں کمی کی وجہ سے کمپنی کا منافع کم ہو جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سام سنگ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ نئے میٹیرئلز اور انوکھے ڈیزائن والے نئے سمارٹ فون متعارف کروانے والی ہے جبکہ اس کے علاوہ کم قیمت سمارٹ فون بھی جلد مارکیٹ میں لائے جائیں گے۔







