موبائل فونز میں ’کِل سوئچ‘ کا اضافہ

پوری دنیا میں سمارٹ فون کی چوری ایک بڑا مسئلہ ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنپوری دنیا میں سمارٹ فون کی چوری ایک بڑا مسئلہ ہے

گوگل اور مائیکروسافٹ اپنے اینڈروئیڈز اور ونڈوز فون میں ’كِل سوئچ‘ کا اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فون چوری ہونے کی صورت میں اس کا استعمال اسے مکمل طور پر محفوظ بنانے میں نمایاں ہے تاکہ فون میں موجود ڈیٹا کو چوری نہ کیا جا سکے۔

تکنیکی کمپنیوں کے اہلکار فون چوری کے واقعات روکنے کے لیے قدم اٹھانے کی کوششیں کرتے رہے ہیں اور دلیل دیتے رہے ہیں کہ ’كِل سوئچ‘ کے اختیار سے چوری کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔

دو سب سے بڑی فون ڈویلپر کمپنیوں ایپل اور سام سنگ اپنے کچھ فون سیٹس میں ایسا ٹول فراہم کر رہی ہیں۔

گوگل اور مائیکروسافٹ کے اس قدم کا مطلب ہے کہ ’كِل سوئچ‘ دنیا میں تین سب سے زیادہ مقبول آپریٹنگ سسٹم کا حصہ بن جائے گا۔

پوری دنیا میں سمارٹ فون کی چوری ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اس پر پالیسی سازوں نے ’محفوظ اور سمارٹ فون‘ نامی مہم شروع کی ہے۔

اس مہم کے تحت انہوں نے تکنیکی کمپنیوں سے اس بارے میں اقدامات کرنے کا کہا ہے۔

اپنی رپورٹ میں نیویارک کے اٹارنی جنرل نے کہا کہ ’ایک فعال كِل سوئچ والے اختیارات آسانی سے فروخت ہونے والے مہنگے ملٹی میڈیا سامان کو پلاسٹک اور شیشے کی ردی میں بدل دے گا۔‘

حکام کا دعویٰ ہے کہ گذشتہ ستمبر میں جب سے ایپل کے آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم سے چلنے والے تمام آئی فون میں ایکٹیویشن لاک کا آغاز ہوا اس کے نتیجے میں موبائل فون کی چوری میں کمی آئی ہے۔

نیویارک اسٹیٹ کے اٹارنی جنرل کی ایک رپورٹ کے مطابق 2014 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران نیو یارک شہر میں ایپل کے آلات کی چوری میں 17 فیصد کی کمی ہوئی۔

اس درمیان، جب ایپل نے یہ نمایاں سروس شروع کی تو لندن میں آئی فون کی لوٹ مار ہونے والے واقعات میں 24 فیصد اور سان فرانسسکو میں پہلے کے چھ ماہ کے مقابلے ایسے واقعات میں 38 فیصد کی کمی آئی۔

اس بارے میں شائع شدہ رپورٹ کہتی ہے کہ ’اسی دوران دیگر مقبول موبائل آلات کی چوری بڑھ گئی۔‘

فراسٹ اینڈ سليون کے منیجنگ ڈائریکٹر منوج مینن نے اسے صحیح سمت میں ایک اور قدم بتایا ہے۔

انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’یہ ایک شاندار قدم ہے اور حکام کو موبائل چوری کے واقعات کم کرنے کی سمت میں دور رس مدد فراہم کرے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ ’مکمل طور پر محفوظ نظام‘ نہیں ہے کیونکہ ’چور فون کے حصوں اور باقی چیزوں سے پیسہ بنا سکتے ہیں۔‘

تاہم انہوں نے کہا کہ موبائل فون کے حصے اور متعلقہ مواد کی منڈی میں مانگ مقابلتاً کافی چھوٹی ہے اور ’كِل سوئچ‘ کا اختیار ’موبائل آلات کی چوری سے ہونے والے مالی فائدوں کو انتہائی کم کر دیتا ہے۔‘