روشن کمرے میں سونے سے وزن بڑھتا ہے: تحقیق

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
ایک تازہ برطانوی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ روشن کمرے میں سونے سے وزن میں اضافہ ہوتا ہے۔
لندن کے کینسر ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے کی گئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ اگر خواتین ایسے کمرے میں سوئیں جہاں اتنی روشنی ہو کہ پورے کمرے کو دیکھا جا سکے تو ان کی کمر بڑھ جاتی ہے۔
تاہم تحقیق دانوں کا کہنا ہے کہ ابھی اس تحقیق کے حوالے سے وہ لوگوں کو کمرے میں موٹے پردے ڈالنے یا روشنی گُل کر کے سونے کا مشورہ نہیں دیں گے۔
اس تحقیق کے لیے کینسر ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے ایک لاکھ تیرہ ہزار خواتین سے سوالات پوچھے۔
اس سروے میں خواتین سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے سونے والے کمرے کی وضاحت کیسے کریں گی
1) اتنی روشنی ہوتی ہے کہ پڑھا جا سکے
2) روشن ہوتا ہے لیکن اتنا نہیں کہ پڑھا جاسکے
3) اتنا روشن ہوتا ہے کہ کمرے میں دیکھا جاسکے لیکن پڑھا نہیں
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
4) اتنا روشن ہوتا ہے کہ اپنا ہاتھ دیکھا جاسکتا ہے لیکن پڑھا نہیں جاسکتا
5) بالکل اندھیرا ہوتا ہے یا پھر آنکھوں پر ماسک پہن کر سوتی ہیں
کینسر ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے پروفیسر اینتھنی سورڈلو نے بی بی سی کو بتایا ’اس سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ رات کو روشن کمرے میں سونے اور وزن میں اضافے کا ربط ہے۔ تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق ہونے کی ضرورت ہے کہ اگر کمرہ روشن نہ ہو تو اس سے وزن میں کمی ہو گی یا نہیں۔‘
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ روشنی باڈی کلاک میں خلل پیدا کرتی ہے۔
سرے سلیپ سینٹر کے مطابق اس میں کوئی قباہت نہیں اگر بیڈ روم میں مکمل اندھیرا کر کے سویا جائے۔ ’لوگوں کو اکثر نہیں پتہ چلتا کہ ان کا بیڈروم روشن ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ لوگ اپنے بیڈ روم کا دوبارہ معائنہ کریں اور دیکھیں کہ مکمل اندھیرے میں سونے سے کیا فرق پڑتا ہے۔‘







