کوکاکولا کا متنازع کیمیکل نکالنے کا فیصلہ

کوکاکولا کا کہنا ہے کہ حفظانِ صحت اور معیار ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکوکاکولا کا کہنا ہے کہ حفظانِ صحت اور معیار ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں

مشروبات بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی کوکا کولا نے کہا ہے کہ وہ اس سال کے آخر تک اپنی بعض مصنوعات سے ایک متنازع کیمیائی مادہ نکال دیں گے۔

یہ فیصلہ انھوں نے ایک آن لائن پیٹیشن کے بعد کیا ہے۔

کوکا کولا کے فروٹ اور سپورٹس ڈرنکس مثلاً فینٹا اور پاورایڈ میں برومین پر مشتمل سبزیوں کا تیل یا ’بی وی او‘ (برومینیٹڈ ویجٹیبل آئل) پایا جاتا ہے۔

بعض کارکنوں نے تشویش ظاہر کی ہے کہ بی وی او صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال کوکاکولا کی حریف مشروب کمپنی پیپسی نے اپنے سپورٹس ڈرنکس سے اس کیمیائی مادے کو ہٹا دیا تھا۔

پیپسی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ان کا اپنے مشروبات سے بی وی او ختم کرنے کا وسیع منصوبہ ہے اور وہ ’اسے اپنی تمام مصنوعات سے ہٹانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔‘

پیپسی اس جزو کا استعمال اپنے ماؤنٹین ڈیو اور ایمپ اینرجی ڈرنکس میں کرتا ہے۔

پیپسی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اپنے مشروب سے بی وی او کے استعمال کو ختم کرنے کا ان کا وسیع تر منصوبہ ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنپیپسی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اپنے مشروب سے بی وی او کے استعمال کو ختم کرنے کا ان کا وسیع تر منصوبہ ہے

کوکاکولا کے ترجمان جاش گولڈ نے زور دے کر کہا کہ بی وی او کو اس لیے نہیں ہٹایا جا رہا ہے کہ اس سے حفظانِ صحت کا کوئی مسئلہ وابستہ ہے۔

انھوں نے ایک بیان میں کہا: ’ہمارے تمام مشروبات، بشمول ان کے جن میں بی وی او شامل ہے، محفوظ ہیں اور ہمیشہ محفوظ رہے ہیں اور جن ممالک میں ان کی فروخت کی جا رہی ہے یہ وہاں کے ضابطوں کے مطابق ہیں۔‘

انھوں نے کہا: ’حفظانِ صحت اور معیار ہماری مصنوعات کی اہم ترین ترجیحات ہیں۔‘

واضح رہے کہ بی وی او پھلوں کے ذائقے والے مشروبات بنانے میں بطور اضافی جزو استعمال کیا جاتا ہے۔ تاہم صحت کے متعلق خدشات اس بات سے پیدا ہوتے ہیں کہ اس کے اندر برومین شامل ہے، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔

میو کلینک کے طبی محققوں کا کہنا ہے کہ بی وی او والے سافٹ ڈرنکس کے حد سے زیادہ استعمال سے صحت پر خراب اثرات پڑتے ہیں جن میں یاداشت کم ہونا اور جلدی و اعصابی بیماریاں شامل ہیں۔