امریکہ:گوگل کی سمارٹ عینک لگا کر ڈرائیونگ کرنے پر جرمانہ

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک خاتون پر گوگل گلاس (چشمہ یا عینک) لگا کر ڈرائیونگ کرنے پر ٹریفک پولیس کی جانب سے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
مقررہ حد سے زیادہ تیز رفتاری کے ساتھ گاڑی چلانے اور گاڑی چلاتے وقت سمارٹ چشمہ پہننے کے لیے بدھ کے روز سیسیلیا عبادی کی سرزنش کی گئی اور جرمانہ لگایا گیا۔
عبادی کو ریاست کیلیفورنیا کے ایک قانون کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا جس کے تحت کسی کو ڈرائیونگ کرتے وقت ٹی وی دیکھنے کی اجازت نہیں ہے۔
اس جرمانے کے بعد وہ اس بات پر غور کر رہی ہیں کہ آیا وہ اس جرمانے کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائيں یا نہیں کیونکہ ان کے مطابق انھوں نے ڈرائیونگ کے دوران چشمے میں لگے ٹی وی کو بند کر رکھا تھا۔
واضح رہے کہ گوگل گلاس یا چشمہ آنکھوں پر لگایا جانے والا کمپیوٹر ہے جسے آواز اور لمس کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے۔
مسز عبادی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ گوگل پلس پر اپنی بات لکھی ہے اور چالان کی اس پرچی کی تصویر بھی ڈالی ہے جو انھیں ٹریفک کے محکمے کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

اس پرچی پر پولیس نے لکھا ہے کہ 65 میل فی گھنٹے کی رفتار سے ڈرائیونگ کی اجازت والے علاقے میں مسز عبادی 80 میل یا تقریبا 130 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے گاڑی چلا رہی تھیں۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ایسی عینک (گوگل گلاس) پہن کر گاڑی چلا رہی تھیں جس پر ٹی وی یا مانیٹر دیکھا جا سکتا ہے۔
جب بی بی سی نے کیلیفورنیا کی شاہراہوں کی نگرانی کرنے والے محکمے سے رابطہ قائم کیا تو ان کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ پرچی کیلیفورنیا ریاست میں وہیکل کوڈ 27602 کے تحت جاری کی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مسز عبادی نے گوگل پلس پر اپنے بیان میں لکھا ہے کہ جس آفیسر نے انھیں روکا انھوں نے کہا تھا کہ سمارٹ چشمے لگانا خطرے سے خالی نہیں کیونکہ اس سے سڑک اور دوسری گاڑیوں کو دیکھنے میں خلل پڑ سکتا ہے۔
اپنے دفاع میں انھوں نے کہا کہ وہ عام طور پر یہ چشمہ لگاتی ہیں لیکن ڈرائيونگ کرتے وقت اسے بند ہی رکھتی ہیں۔
مسز عبادی کے پوسٹ پر کمنٹ کرنے والے بہت سے لوگوں نے لکھا کہ ریاستی ضابطہ 27602 میں گوگل گلاس کو مستثنیٰ قرار دیا جانا چاہیے کیونکہ اس پر نقشے، جی پی ایس اور راستے دکھائے جاتے ہیں اس لیے اس کے ذریعے ڈرائیور کے دیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہی ہوتا ہے۔







