انٹرنیٹ ایڈریس اب عربی، چینی اور روسی زبان میں

ابھی تک انٹرنٹ پر 22 ڈومینز ہیں لیکن اب ان کی تعداد ہزاروں میں ہو سکتی ہے
،تصویر کا کیپشنابھی تک انٹرنٹ پر 22 ڈومینز ہیں لیکن اب ان کی تعداد ہزاروں میں ہو سکتی ہے

انٹرنیٹ کے ضابطہ کاروں نے یہ انکشاف کیا ہے کہ پہلی بار غیر لاطینی رسم الخط کے علاوہ دوسری زبانوں کے خطوط میں بھی انٹرنیٹ کے ڈومینز کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے بعد ہزاروں نئے ڈومینز سامنے آئیں گے۔

انٹرنٹ کے ضابطہ کار ادارے آئی کین (آئی سی اے این این) کا کہنا ہے کہ انٹرنٹ کی دنیا میں یہ نئی تبدیلیاں وسیع پیمانے پر ہونے والی اس توسیع کا حصہ ہیں جو ’ڈاٹ کام‘ اور ’ڈاٹ اورگ‘ جیسے موجودہ 22 ڈومینز کے علاوہ ہوں گے۔

ادارے نے چار نئے ٹاپ لیول ڈومین کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اب چینی، روسی اور عربی رسم خط میں بھی ڈومینز ہوں گے۔ ’گیم‘ کے لیے چینی حروف والے ڈومینز نظر آئیں گے جبکہ عربی خط میں ’ویب‘ اور ’نیٹ ورک‘ ہوں گے تو سریلِک یا روسی رسم الخط میں ’سائٹ‘ اور ’آن لائن‘ ڈومینز بنائے جا سکیں گے۔

عربی زبان میں ڈومین کے لیے جو لفظ استعمال ہوگا وہ ’شبکتہ‘ ہے جس کا معنی ویب ہے جبکہ چینی زبان میں ڈومین کا نام’游戏‘ ہوگا جس کا مطلب ’گیم‘ یا کھیل ہے اور روسی میں آن لائن کے لیے онлайн کا ڈومین نیم جبکہ ویب سائٹ کے لیےсайт کا لفظ استعمال ہوگا۔

امریکہ میں قائم انٹرنیٹ کے ضابطہ کار ادارے آئی کین کے جنیرک ڈومین شعبے کے صدر اکرم عطاء اللہ کا کہنا ہے کہ ’انٹرنیٹ کی آمد کے بعد انٹرنیٹ ڈومین کی دنیا میں آنے والی یہ سب سے بڑی تبدیلی ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ’ آنے والے چند ہفتوں اور مہینوں میں ساری دنیا سے نئے ڈومین کے لیے نام آئیں گے جس سے دنیا کے لوگ، برادریاں اور کاروبار ایک دوسرے کے ساتھ ایسے ملیں گے جس کے بارے میں ہم نے کبھی سوچا بھی نہ تھا۔‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اکرم عطاء اللہ نے کہا کہ ’اس توسیع کا ایک مقصد یہ ہے کہ ڈومین کی اعلیٰ سطح پر لوگوں کی گوناگوں پسند اور تنوع کی حوصلہ افزائی کی جائے۔‘

انٹرنیٹ کے ضابطہ کاروں کا کہنا ہے کہ 60 دنوں کی ’سن رائز‘ مدت کے بعد نئے ڈومینز کا رجسٹر کرانا تمام لوگوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ یہ امید کی جا رہی ہے کہ اب ہزاروں کی تعداد میں نئے ڈومینز سامنے آئیں گے۔

فی الحال آئی کین 1800 سے زیادہ نئے ڈومینز کے ناموں پر غور کر رہا ہے۔ سب سے زیادہ جس ڈومینز کی مانگ ہے وہ ہے ’ڈاٹ شاپ‘ جبکہ انتہائی مخصوص ڈومین ’ڈاٹ موٹرسائیکلز‘ کی بھی مانگ ہے۔

اس نئی تبدیلی کے ساتھ اب ٹریڈ مارک والی کمپنیاں اپنے نام کا ڈومین بھی شروع کر سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں ایپل، مٹسیوبشی اور آئی بی ایم جیسی بڑی کمپنیوں نے بھی ڈومین کے لیے درخواست دے رکھی ہے جبکہ انٹرنیٹ کی دنیا کی بڑی کمپنی گوگل نے 100 سے زیادہ ناموں کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔

بی بی سی نے بھی ڈاٹ بی بی سی کی خواہش ظاہر کی ہے۔