مردوں سے بات، خواتین کا چہرہ دمک اٹھتا ہے

مرد عورت

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنچہرے پہ خوشی چھا جاتی ہے آنکھوں میں سرور آ جاتا ہے۔

ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کسی مرد سے صرف بات چیت کرنے سے ہی خواتین کے چہرے پر چمک آ جاتی ہے اور ان کی جلد کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے۔

سِنٹ اینڈریوز یونیورسٹی کے محققین کے مطابق ’کسی مرد سے جسمانی تعلق بنائے بغیر بھی خواتین کے چہرے کا درجہ حرارت بڑھنے لگتا ہے جو واضح طور پر خواتین کے چہرے پر نظر آتا ہے۔‘

جون کے’بالوجی لیٹرز‘ کے شمارے میں شائع اس رپورٹ میں یہ دیکھایا گیا ہے کہ یہ تبدیلیاں خواتین میں صرف مردوں سے ملاقات کے دوران ہی پائی جاتی ہے کیونکہ جب ایک خاتون دوسری خاتون سے ملتی ہیں تو پھر ان میں یہ تبدیلیاں رونما نہیں ہوتی ہیں۔

تحقیق کرنے والوں کی ٹیم نے ایک مرد سے ملاقات کے دوران خواتین میں آنے والی تبدیلی کا پتا چلانے کے لیے تھرمل امیجنگ کی مدد لی۔

انہیں مشاہدے سے معلوم ہوا کہ مردوں کی صحبت میں خواتین کے چہرے کا درجہ حرارت خود بخود بڑھ جاتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ ان نتائج کو تھرمل امیجنگ کے فروغ میں استعمال کیا جا سکتا ہے جس کے تحت مستقبل میں تناؤ اور دباؤ جیسی چیزوں پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔

محققین کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا استعمال جھوٹ پکڑنے یعنی لائی ڈٹکٹر ٹیسٹ میں بھی ہو سکتا ہے۔

اس تحقیق میں شامل ایک سائنسدان امانڈا ہاہن نے کہا کہ اس نتیجے تک پہنچنے سے قبل محققین نے مردوں سے ملاقات کے دوران خواتین کے ہاتھ، بازو، سینے اور چہرے کی جلد کے درجہ حرارت کی پیمائش کی۔

انہوں نے کہا کہ عام سماجی ملاقات کے دوران ان میں یہ تبدیلیاں دیکھی گئیں اور اس کا تعلق جنسی تعلقات سے نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس میں حصہ لینے والوں کو مطالعے اور ملاقات کے دوران کسی قسم کی شرمندگی یا پریشانی نہیں ہوئی۔‘

اس تحقیق کے اگلے مرحلے میں یہ محققین یہ دیکھنے کی کوشش کرنے والے ہیں کہ آیا ان جسمانی تغیرات کا عام سماجی ملاقاتوں پو کوئی اثر پڑتا ہے یا نہیں۔