سائبر حملہ: انانیمس گروپ کی تردید

،تصویر کا ذریعہReuters
آن لائن کے ایک مستعد گروپ انانیمس نے انٹرنیٹ پر بڑے پیمانے پر ہونے والے ایک سائبر حملے میں ستتر ملین پلے سٹیشن استعمال کرنے والے افراد کا ڈیٹا چرائے جانے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔
اس سے پہلے اس حملے کی ذمہ داری انانیمس پر عائد کی گئی تھی۔ تاہم انانیمس نے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ یہ حملہ اس نے نہیں کیا۔
اس سے قبل سونی نے امریکی کانگریس کو ایک خط لکھا تھا جس میں اس سائبر حملے کا ذمہ دار انانمس کو قرار دیا تھا۔
خط میں سونی کمپنی کے امریکی سربراہ کازو ہیرائی کا کہنا تھا کہ سونی ایسے جرائم پیشہ افراد کا نشانہ بنا ہے جو انتہائی خطرناک اور انتہائی پیشہ ورانہ طریقے سے کام کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سونی کو ایک ایسی فائل ملی ہے جسے اُس کے نیٹ ورک سے منسلک کیا گیا ہے اور فائل میں انانیمس کا نعرہ لکھا ہوا ہے۔
لیکن انانیمس کا کہنا ہے کہ یہ فائل آن لائن ہیکرز کی جانب سے منسلک کی گئی ہے تاکہ قانون نافذ کرنے والے افراد کو دھوکا دیا جا سکے۔
انانیمس نے گزشتہ برس دسمبر میں اُس وقت شہرت حاصل کی جب انہوں نے یہ دعویٰ کہ انہوں نے ایک ایسا سافٹ وئیر استعمال کیا ہے جو انٹر نیٹ پر ماسٹر اور ویزہ کارڈز سائٹس کو عارضی طور پر بٹھا سکتے ہیں۔ تاہم اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اُس کے ارکان کریڈٹ کارڈ چور نہیں ہیں۔
ایک بیان میں انانیمس کا کہنا تھا کہ جس نے بھی سونی کے سرور میں داخل ہو کر کریڈٹ کارڈ کی معلومات چوری کی ہیں انہوں نے ہمیں بدنام کرنے کے لیے ہمارے نام کا استعمال کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سونی کے مطابق سائبرگروپ نے اُن کی کمپنی کو اس لیے ٹارگٹ کیا کیونکہ سونی نے اُن کے سربراہ جارج ہوٹز کے خلاف قانونی ایکشن لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
امریکی ہیکر پر الزام ہے اُس نے سونی پلے سٹیشنز کے آپریٹنگ سسٹم میں داخل ہو کر کاپی رائٹ قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
گروپ کے سربراہ ہوٹز کی جانب سے مستقبل میں ایسا نہ کرنے کے یقین دہانی کے بعد اس کیس کا فیصلہ کر لیا گیا تھا۔
سونی نےدعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیٹ پر ہونے والے ایک سائبر حملے جس میں ستتر ملین افراد کا ڈیٹا چرا لیا گیاتھا میں انانمس ملوث ہے تاہم انانمس نے اس دعوی کی تردید کی ہے۔
دریں اثناء سونی کے سی ای او سر ہاورڈ سٹینگر نے پہلی بار اپنے صارفین سے معافی مانگی ہے۔
پلے سٹیشن کی ویب سائٹ پر اپنے بلاگ میں انہوں نے صارفین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے امریکی پلے سٹیشن نیٹ ورک کے صارفین کو معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا۔







