’سونی کے صارفین کی معلومات محفوظ ہیں‘

،تصویر کا ذریعہReuters
دنیا کی مشہور الیکٹرونک کمپنی سونی کا کہنا ہے کہ پلے سٹیشن گلوبل گیم پلیئنگ نیٹ ورک پر کریڈٹ کارڈ کی معلومات محفوظ ہیں۔
سونی کے اس بیان سے پلے سٹیشن کے صارفین کچھ مطمئن ہوں گے کہ ان کے کریڈٹ کارڈ کی معلومات غلط ہاتھوں میں نہیں جائیں گی۔ تاہم صارفین کی ذاتی معلومات اس قدر محفوظ نہیں رکھی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سونی نے پلے سٹیشن گلوبل گیم پلیئنگ نیٹ ورک استعمال کرنے والے صارفین کو متنبہ کیا تھا کہ اس نظام پر ہونے والے ہیکر حملے میں ان کی کریڈٹ کارڈ معلومات سمیت ذاتی معلومات چرائی جا سکتی ہیں۔
سونی کے آن لائن گیمنگ نظام ’پلے سٹیشن گلوبل گیم پلیئنگ نیٹ ورک‘ پر گزشتہ ہفتے ہیکرز نے سائبر حملہ کیا تھا جس کے بعد سے صارفین کو یہ سہولت میسر نہیں ہے اور سونی نے صارفین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور مزید انتظار کرنے کی اپیل کی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ معلومات غلط ہاتھوں میں جا سکتی ہیں اور صارفین ٹیلی فون اور ای میل فراڈ سے ہوشیار رہیں۔
سونی نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا ہے ’کریڈٹ کارڈ کی معلومات انکرپٹڈ تھیں اور محفوظ ہیں اور ہمیں ایسے شواہد نہیں ملے کہ یہ معلومات چوری ہو گئی ہیں۔‘
لیکن سیکیورٹی کمپنی سوفوس کے گراہم کا کہنا ہے کہ انکرپشن کا کچھ بھی مطلب ہو سکتا ہے۔ ’کچھ انکرپشن ٹشو پیپر کی طرح نازک ہوتی ہیں اور کچھ کو توڑنے کے لیے صدیاں گزر سکتی ہیں۔‘
سونی کمپنی نے صارفین سے کہا ہے کہ وہ کریڈٹ کارڈ بلوں پر نظر رکھیں۔ پلے سٹیشن نیٹ ورک ممبران سے سونی کمپنی نے استدعا کی ہے کہ بہتر ہو گا کہ کریڈٹ کارڈ منسوخ کرا دیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم بارکلے بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قبل از وقت ہو گا اور پہلے یہ معلوم ہو جائے کہ کریڈٹ کارڈ واقع چوری ہوا ہے یا نہیں۔
سونی کے یہ نیٹ ورکس گزشتہ بدھ سے بند ہیں اور دنیا بھر میں پلے سٹیشن کے ساڑھے سات کروڑ صارفین آن لائن گیمز کھیلنے اور اپنے کنسولز پر موسیقی یا فلمیں ڈاؤن لوڈ کرنے کی سہولت سے محروم ہیں۔







