برفانی ریچھوں کی جسامت میں کمی

برفانی ریچھ
،تصویر کا کیپشنآلودگی اور خوراک کی تلاش کے لیے زیادہ کوششوں کے باعث ریچھوں کی نشؤونما متاثر ہو رہی ہے
    • مصنف, وکٹوریا گِل
    • عہدہ, سائنس رپورٹر، بی بی سی نیوز

ایک تحقیق کے مطابق گزشتہ صدی کے مقابلے میں برفانی ریچھوں کی جسامت کم ہوگئی ہے۔

سائنسدانوں نے اپنی تحقیق کے لیے بیسوی صدی کے اوائل میں ریچھوں کی کھوپڑیوں کا موازنہ صدی کے آخر میں پیدا ہونے والے ریچھوں کی کھوپڑی سے کیا۔

جرنل آف زوالوجی میں چھپنے والی تحقیق میں ان کی شکل اور جسامت میں تبدیلی کی وضاحت کی گئی ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سمندری برف کی کمی اور آلودگی اس کی وجوہات ہو سکتی ہیں۔

محققین کا کہنا ے کہ ریچھ کے جسم میں آلودہ مادے اس میں طبعی تناؤ کا باعث بنتے ہیں جبکہ خوراک کی تلاش کے لیے زیادہ کوششوں کے باعث ان کی نشؤونما متاثر ہو رہی ہے۔

محققین نے ریچھ کی کھوپڑی سے اس کی جسامت کا اندازہ لگایا ہے کیونکہ بعد میں پیدا ہونے والے ریچھوں کی کھوپڑی دو سے نو فیصد تک چھوٹی ہیں۔

محققین کی اس ٹیم میں آرہس یونیورسٹی کے شعبۂ آرکٹک ماحول کے ارکان بھی شامل تھے۔ محققین نے کہا ہے کہ مختلف ادوار کے ریچھ کی کھوپڑیوں کی شکل میں بھی فرق پایا گیا ہے۔

ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر سینو پرٹولڈی کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی تھوڑی سی تعجب خیز ہے۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وجوہات کا صحیح تعین کرنا.تو ممکن نہیں ہو سکا تاہم یہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہو سکتا ہے خصوصًا آرکٹک اور ان ریچھوں کے جسم میں آلودگی میں اضافہ کو اس کی بڑی وجہ کہا جا سکتا ہے۔

اس تحقیق کا مقصد جانوروں کے دوگروپوں کا موازنہ کرنا تھا جو اس وقت زندہ تھے جب کہ سمندر میں برف کافی حد تک تھی اور آلودگی کی حد کافی مختلف تھی۔

.