برطانیہ میں پلکوں کی پیوندکاری

برطانیہ کے شہر گریٹر مانچسٹر کی ایک خاتون کی پلکوں کا کامیاب ٹرانسپلانٹ کیا گیا ہے۔ سرجری کرنے والے ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانیہ میں یہ اس طرز کی پہلی پیوند کاری ہے۔
انیس سالہ لوسی تھامس کو پلکوں کی بہت زیادہ پلکنگ یا بال کھینچے کی وجہ سے ٹرائکوٹی لومینیا نامی بیماری لاحق ہوگئی تھی جس کی وجہ سے انہیں پلکوں کا ٹرانسپلانٹ کروانا پڑا۔
پیوندکاری کے دوران لوسی کے سر کے عقب سے بال اتار کر آنکھوں کے اوپری اور نچلے پپوٹوں پر لگائے گئے۔ علاج کے چار سے چھ ماہ کے دوران پلکوں کے بال گھنے ہونا شروع ہو جائیں گے۔
لوسی تھامس نے بتایا کہ سترہ سال کی عمر سے انہیں ٹرائکوٹی لومینیا کی بیماری لاحق ہو گئی تھی جس کے بعد انہوں نے اس بات کو تسلیم کر لیا تھا کہ اب پلکیں کبھی بھی واپس نہیں آئیں گی جو کہ ایک جوان لڑکی کے لیے ایک بڑا مسئلہ تھا۔جب انہیں بیماری کے علاج کے بارے میں پتہ چلا تو انہیں بہت اچھا لگا کیونکہ سرجری کے بعدآنے والے نتائج حیران کن تھے۔
امریکہ اس طرح کے طریقہ علاج کا بانی ہے۔ ٹرانسپلانٹ کرنے والے سمیع تھامس کا کہنا ہے کہ امریکہ چونکہ کاسمیٹک انڈسٹری کا بانی ہے اس وجہ سے لوگ وہاں سے علاج کروانے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن ان کی سرجری کے برعکس امریکہ سے کروائی گئی زیادہ تر سرجری کامیاب اور محفوظ نہیں ہوتی ہے۔



