ہیکرز نے ممکنہ طور پر سکیورٹی خامیوں کا فائدہ اٹھایا ہے، ایپل

،تصویر کا ذریعہGetty Images
- مصنف, ٹام گرکن
- عہدہ, بی بی سی نیوز
ایپل نے آئی فون، آئی پیڈ اور میک ڈیوائسز میں سکیورٹی خامیاں دور کرنے کے لیے ایک اپ ڈیٹ جاری کی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر ہیکرز نے ان خامیوں کا 'بھرپور فائدہ' اٹھایا ہو گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی اپ ڈیٹ 'اہم سکیورٹی اپ ڈیٹ فراہم کرتی ہے اور تمام صارفین کو انسٹال کرنی چاہیے۔'
انڈسٹری ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ خامی ہیکرز کو متاثرہ ڈیوائس پر مکمل کنٹرول فراہم کر سکتی ہے۔
یہ اپ ڈیٹ آئی فون 6 ایس اور بعد کے فونز، آئی پیڈ پرو، آئی پیڈ ایئر 2 اور بعد کے ورژنز، اور آئی پیڈ ففتھ جنریشن اور بعد کے آئی پیڈز کے لیے ہے۔
اس کے علاوہ اسے آئی پیڈ منی 4 اور بعد کے ورژنز، اور آئی پوڈ ٹچ (سیونتھ جنریشن) کے لیے بھی متعارف کروایا گیا ہے۔
میک او ایس مانٹیری استعمال کرنے والے میک صارفین کو بھی یہ اپ ڈیٹ انسٹال کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایپل کا کہنا ہے کہ ہیکرز نے اس خامی کو ایپل کے سفاری ویب براؤزر کو چلانے والے انجن ویب کٹ میں گھسنے کے لیے استعمال کیا ہے۔ اب تک ایسے کسی معاملے کی باقاعدہ اطلاع سامنے نہیں آئی جس میں معلوم ہوا ہو کہ یہ سکیورٹی خامی لوگوں یا ڈیوائسز کے خلاف استعمال ہوئی ہو۔
اپنے سکیورٹی اپ ڈیٹ پیج پر ایپل کا کہنا ہے کہ 'ایپل تب تک کسی سکیورٹی مسئلے کا اعلان، اس پر بات یا اس کی تصدیق نہیں کرتا جب تک کہ تحقیق مکمل نہ کر لی گئی ہو اور پیچز دستیاب نہ ہو گئی ہوں۔'

تجزیہ، جو ٹائڈی
سائبر رپورٹر
سافٹ ویئر اپ ڈیٹس ہماری روز مرّہ کی زندگی کا (اور کبھی کبھی پریشان کرنے والا) حصہ ہیں مگر یہ وہ اپ ڈیٹ نہیں جسے نظرانداز کیا جائے۔
سائبر سکیورٹی کی دنیا کا یہ خدشہ درست ہے کہ اگر اس حملے کی زد میں آنے والی ڈیوائس پر کسی ہیکر کا کنٹرول ہو جائے تو وہ کتنا خطرناک ہو سکتا ہے۔
چنانچہ اپنی ایپل ڈیوائسز کی سیٹنگز چیک کرنا اور یہ اپ ڈیٹ انسٹال کرنا نہایت ضروری ہے۔ اس سے بھی اچھا یہ ہے کہ آپ آٹومیٹک اپ ڈیٹس آن کر لیں۔
زیادہ تر صارفین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اب تک ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے کہ ہیکرز نے اس خامی کا استعمال کرتے ہوئے عام لوگوں کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے کیے ہوں گے۔
کمپنی نے یہ بھی کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر اس کی سکیورٹی اپ ڈیٹ کے بارے میں شور بلاجواز ہے۔
ایپل نے رواں سال ایسی کئی ہنگامی اپ ڈیٹس جاری کی ہیں۔












