ڈائسن کے ہوا کو صاف کرنے والے ہیڈفون تیار

،تصویر کا ذریعہDyson
- مصنف, جین ویکفیلڈ
- عہدہ, ٹیکنالوجی رپورٹر
ٹیکنالوجی کمپنی ڈائسن نے ایک ایسا ہیڈفون متعارف کروایا ہے جس کے ساتھ ایسا ماسک بھی ہے جو ہوا کو صاف کرتا ہے۔
ڈائسن ٹیکنالوجی کمپنی جو اپنے جدید ویکیوم کلینروں کی وجہ سے جانی جاتی ہے، اس نے پہلی بار پہننے والی ٹیکنالوجی کی فیلڈ میں قدم رکھا ہے۔
ڈائسن نے حالیہ برسوں میں ویکیوم کلینروں کے علاوہ پنکھے اور ہیئرڈرائیر بنانے شروع کیے ہیں۔
ہیڈفونز جنھیں ’ڈائسن زون‘ کا نام دیا گیا ہے انھیں بڑھتی ہو آلودگی سے نمٹنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
نئے آلات کو پرکھنے والے ایک ٹیکنالوجی ماہر نے کہا کہ لوگ یقینی طور پر ڈائسن زون کو پہننے والوں کو سڑکوں پر مڑ مڑ کر دیکھیں گے۔
مزید پڑھیے:
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
نئے آلات کو پرکھنے والی ویب سائٹ پاکٹ لنٹ کی ڈپٹی ایڈیٹر برٹا او بوائل نے کہا کہ ’ڈائسن زون کا ڈیزائن یقیناً جاذب نظر ہے۔‘
برٹا او بوائل نے بی بی سی نیوز کو بتایا کہ اس ہیڈفون کی ساؤنڈ کوالٹی بہت ہی اعلیٰ ہے اور ان کی بناؤٹ بھی خوبصورت ہے۔
البتہ برٹا او بوائل ڈائسن زون کو کھلی فضا میں ٹیسٹ نہیں کر سکی ہیں لہذا وہ اس کی ہوا کو صاف کرنے کی صلاحیت کے بارے کچھ کہنے سے قاصر ہیں۔
یہ ہیڈفون موسم خزاں میں مارکیٹ میں آ جائیں گا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں کہ ڈائسن زون کی قیمت کیا ہو گی لیکن او بوائل کہتی ہیں کہ ہمیں ان کے سستے ہونے کی توقع نہیں ہے۔
عالمی مسئلہ
ان ہیڈفونز کے دونوں ایئرکپس میں ایک موٹر، پنکھا اور ایئر فلٹر نصب ہو گا اور صاف ہوا ناک اور منہ پر لگے وائزر سے ہوتے ہوئے اندر جائے گی۔ یہ وائزر ہیڈفونز کے ساتھ مقناطیس سے جڑے ہوں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ڈائسن زون کی ہوا صاف کرنے کی صلاحیت 97 فیصد ہے۔
سانس لینے کی رفتار کو ماپنے کے سینسر
ان ہیڈ فونز میں ہوا کو صاف کرنے کے چار مختلف درجے ہیں۔ ڈائسن زون میں ایسے سینسر لگے ہوئے ہیں جو سانس لینے کی رفتار کو ماپ کی کر اس کی رفتار کے درجے کا تعین کر سکتا ہے۔
ڈائسن زون ایک فون اپیلیکیشن کے ساتھ جڑے ہوں گے جو نہ صرف اس کو استعمال کرنے والے کی لوکیشن جان سکتا ہے بلکہ یہ بھی بتاتا ہے کہ اس کے فلٹر کو کب تبدیل ہونا ہے۔
اس کے ساتھ ایک فیس کور بھی ہوتا ہے جو وائزر کے اوپر ایڈجسٹ ہو جاتا ہے۔
ڈائسن زون کی بیٹری چار گھنٹے تک چل سکتی ہے۔ اگر ہیڈفون سب سے کم والے درجے پر چل رہے ہیں تو اس کی بیٹری چار گھنٹے تک چل سکتی ہے لیکن اگر یہ سب سے بڑے درجے پر چلے گی تو بیٹری کی زندگی ڈیڑھ گھنٹے رہے گی۔
صاف ہوا
چیف انجنیئر جیک ڈائسن کہتے ہیں کہ ماحولیاتی آلودگی ایک عالمی مسئلہ ہے جو ہم سب کو متاثر کرتا ہے۔ ڈائس زون اس وقت ہوا کو صاف کرتا ہے جب ہم متحرک ہوتے ہیں۔
اور فیس ماسک کے برعکس یہ اعلیٰ درجہ کے فلٹروں کی مدد سے ایسی صاف ہوا مہیا کرتا ہے جو ہمارے چہرے سے ٹکراتی بھی نہیں ہے۔
وہ کہتے ہیں کہ ڈیزائنروں کے لیے ضروری تھا کہ وہ صاف ہوا کو ایسے مہیا کریں جس سے صارف پریشان نہ ہو اور وہ اس کے چہرے سے سے نہ ٹکرائے۔
ڈائسن کمپنی کی آڈیو کے شعبے میں یہ پہلی ایجاد ہے۔

،تصویر کا ذریعہDyson
ڈائسن زون چھ برسوں سے تیاری کے مرحلے میں ہے اور اس کے 500 پروٹوپائٹ تیار ہوئے ہیں۔
ابتدا میں ایک نوک دار پہناوا کمر کے پیچھے لٹکے ہوئے تھیلے سے جڑا ہوتا تھا جس میں ایک موٹر لگی ہوئی تھی۔
ٹیکنالوجی نیوز ویب سائٹ ’دی ورج‘ نے ڈائسن زون کو ایک بھونڈی پیشکش قرار دیا ہے۔ دی ورج نے کہا کہ یہ ’اپریل فول‘ نہیں ہے۔
دی ورج نے لکھا کہ اب جب گزشتہ دو برسوں میں ماسک پہننا بہت عام ہو گیا یہ دیکھنا ہو گا کہ کیا صارفین اس بہت ہی عجیب و غریب نظر آنے والی چیز کو گلے لگانا پسند کریں گے۔
سٹف ڈاٹ ٹی وی ( Stuff.tv) اسے ایک بہت ہی انوکھا آلہ قرار دیا ہے۔
اسی طرح سی نیٹ (Cnet) نے لکھا کہ وہ کسی خیالی سائنس فکشن مووی کی طرح کی چیز لگتی ہے۔









