آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پہلی نظر کی محبت کتنی کارگر ہوتی ہے
دیکھ کر تم کو ہوش میں آنا بھول گئے
یاد رہے تم اور زمانہ بھول گئے
کسی کا پہلا دیدار جب دنیا بھلا دے تو اسے پہلی نظر کا پیار یا' لو ایٹ فرسٹ سائٹ' کہا جاتا ہے۔
آپ نے کسی کو ایک نظر دیکھا اور لگا کہ اگر یہ انسان آپکی زندگی میں نہ آیا تو سب کچھ بیکار ہے۔
پہلی ہی نظر میں دماغ میں زندگی بھر کی پلاننگ آ جاتی ہے اور ہم پہلی ہی ملاقات میں اندازہ لگا لیتے ہیں کہ یہ انسان کیسا ہوگا۔
حالانکہ یہ ضروری نہیں کہ سامنے والے کی جو تصویر ہم نے اپنے دماع میں بنائی ہے وہ پوری طرح صحیح ہو ہمارا اندازہ غلط بھی تو ہو سکتا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کہاوت ہے کہ 'فرسٹ امپریشن اِز لاسٹ اِمریشن' چلیں اس کہاوت کا سائنسی جائزہ لیتے ہیں۔
کیا چہرہ شخصیت کی درست عکاسی کرتا ہے
کسی کے چہرے کو ایک نظردیکھنے کے بعد رائے قائم کرنے میں دماغ کو ایک سیکنڈ کا دسواں حصہ لگتا ہے پہلی نظر میں صرف شخصیت کے کشش والے پہلو کا ہی اندازہ نہیں لگتا بلکہ شخصیت کے کئی پہلو سامنے آجاتے ہیں۔ جیسے کسی سیاسی شخصیت کا اندازہ اس کے چال ڈھال، گفتگو کے انداز اور باتوں سے لگایا جا سکتا ہے۔
چاہے آپ اس شخص کو ذاتی طور پر نہ جانتے ہوں لیکن اسکی شخصیت سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ ایک کامیاب سیاست دان ہوگا یا نہیں۔
تحقیق کار اور کتاب' فیس ویلیو' کے مصنف الیگزینڈر ٹوڈیروو اس سے اتفاق نہیں کرتے ان کے خیال میں پہلی نظر میں قائم کی گئی رائے غلط بھی ہو سکتی ہے۔ پہلی نظر میں کوئی بھی رائے اجنبیوں کے لیے ہوتی ہے اس لیے یہ رائے سطحی ہو سکتی ہے ٹھوس نہیں۔
دنیا بھر میں فیس ویلیو کی بنیاد پر تین چیزوں کے مدِ نظر رایے بنائی جاتی ہے۔ پہلا کشش دوسرا اعتماد ارو تیسرا طاقت۔
کشش سے مراد رومانیت ہے ، بھروسے سے مراد جس میں ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی ہمت ہو اور طاقت سے مراد جس میں جھگڑا اور ٹینشن کم کرنے کی صلاحیت ہو۔
آنکھوں ہی آنکھوں میں محبت کا زمانہ گذر گیا
گھر کی چھت سے ایک دوسرے کو اشاروں اشاروں اور آنکھوں ہی آنکھوں میں محبت یا رومانس کرنے کا دور اب گذر چکا ہے یہ نئی تکنیک کا زمانہ ہے جہاں ورچوئل ورلڈ میں زندگی کے حقیقی رشتے بنائے جا رہے ہیں۔
آج ایسے بہت سارے ڈیٹنگ ایپ موجود ہیں جہاں ہزاروں لاکھوں لوگ دوستی کر رہے ہیں جہاں لوگ کسی کی محض تصویر دیکھ کر ہی فِدا ہو جاتے ہیں تو کسی کو مسترد کر دیتے ہیں لوگ بھول جاتے ہیں کہ تکنیک کی مدد سے کسی کو اچھا یا برا دکھایا جا سکتا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی دیکھنا ضروری ہے کہ فوٹو کس اینگل سے لیا گیا ہے۔ اس بات سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ تصویر میں دکھائی دینے والا انسان حاوی ہونے والی شخصیت کا مالک ہے حالانکہ ایسی شخصیت لوگوں میں خواتین کو زیادہ پسند نہیں ہوتی۔
آن لائن ڈیٹنگ ایپس
امریکہ کی ویسٹ ورجینیا یونیورسٹی کے پروفیسر لیسل شاربی کا کہنا ہے کہ آن لائن ڈیٹنگ کے لیے جن الفاظ کا استعمال ہوتا ہے اس کی بنیاد پر ہی اگلی ملاقات کی بات طے ہوتی ہے۔
روایتی طور پر رومانٹک رشتے میں بات چیت کا آغاز مرد کی جانب سے ہوتا ہے لیکن ورچوئل ورلڈ میں یہ فرق نظر نہیں آتا۔ جہاں دونوں ہی یکساں طور پر رشتے کی شروعات کرتے ہیں۔
آن لائن ڈیٹنگ ایپ کی دنیا میں رشتے بہت ہی سوچ سمجھ کر اور یا پالیسی کے تحت بنائے جاتے ہیں۔ اگر آن لائن کے تحت پہلی ملاقات کامیاب ہوتی ہے تو پھر بات دوسری ملاقات تک پہنچتی ہے جس میں دونوں پارٹنر اپنی پسند یا نا پسند کی بات کرتے ہیں۔
اگر یہاں سے بات آگے بڑھتی ہے تو پھر بات پیسہ، میعاراور پھر پیار کی ہوتی ہے۔
آن لائن ڈیٹنگ کے فائدے اور نقصان
آن لائن ڈیٹنگ کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو فیصلہ کرنے کے لیے اچھا خاصا وقت ملتا ہے۔ اس کا نقصان یہ ہوتا ہے کہ ایک انسان سے ملے بغیر اس کے بارے میں ایک رائے قائم ہو جاتی ہے جو ملنے پر امیدوں پر پانی پھیر سکتی ہے۔
لوگ اپنی پسند یا نہ پسند بتاتے ہوے جھوٹ بھی بول سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر مرد اکثر کہتے ہیں کہ انہیں عقل مند عورتیں پسند ہوتی ہیں لیکن حقیقت میں انہیں اپنے سے کم عقل مند اور دنیا کو کم جاننے والی عورتیں پسند ہوتی ہیں تاکہ ان کے زیادہ عقل مند ہونے کا رتبہ قائم رہے۔
محبت اور شادی کے پیمانے
لیکن یہ بات بھی ہر انسان پر لاگو نہیں ہوتی۔ شریکِ حیات کے لیے سب کا اپنا ایک پیمانہ ہوتا ہے۔ لیکن کئی بار ہمیں ایسے لوگ پسند آجاتے ہیں جو ہمارے کسی بھی پیمانے پر پورے نہیں اترتے۔
بہر حال کہنا مشکل ہے کہ پہلی نظر میں کسی کے بارے میں بنائی جانے والی رائے صحیح ثابت ہوگی یا نہیں۔
جہاں تک بات ہے محبت کی تو وہ تو کب کہاں کس سے ہوجائے کہا نہیں جا سکتا کیونکہ عشق کے معاملے میں تمام پیمانے دھرے رہ جاتے ہیں کیونکہ پیار کبھی سوچ سمجھ کر نہیں ہوتا بس ہو جاتا ہے۔