دنیا کو آب و ہوا میں تبدیلی سے آنے والی تباہی سے بچانے کا آخری موقع

،تصویر کا ذریعہSergei Savostyanov
- مصنف, عمر آفریدی
- عہدہ, بی بی سی اردو سروس لندن
اقوام متحدہ کے انٹرگورنمنٹل پینل آن کلائمیٹ چینج یا آب ہوا میں تبدیلی سے متعلق بین الحکومتی پینل نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے کہ زمین کو تباہی سے بچانے کے لیے لوگوں کو اپنے رہن سہن میں بڑی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔
جنوبی کوریا میں ماہرین اور سرکاری حکام کے ایک ہفتے طویل اجلاس کے بعد جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یہ تبدیلیاں زندگی کے تقریباً ہر شعبے پر محیط ہونی چاہئیں۔ مثلاً قابلِ تجدید توانائی پر زیادہ سے زیادہ انحصار، ایسی عمارتوں کی تعمیر جن میں توانائی کی ضرورت کم ہو، سفر کے ایسے ذرائع میں اضافہ جو ماحول کی آلودگی کا باعث کم سے کم بنیں، وغیرہ۔
رپورٹ مرتب کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر انسان زمین کی حدّت میں اضافے کو سنہ 2030 تک 1.5 ڈگری سیلسیئس تک محدود کرنے میں کامیاب ہو جائے تو خشک سالی، سیلابوں اور وسیع پیمانے پر جانوروں اور پودوں کی انواع کو صفحۂ ہستی سے مٹانے سے بچایا جا سکے گا۔

،تصویر کا ذریعہBANARAS KHAN
بی بی سی ورلڈ سروس کے اینروائرمنٹ رپورٹر نوین کھڈکا کا کہنا ہے کہ اس وقت عالمی درجۂ حرارت کی سطح میں اضافے کا رحجان 3 سے 4 ڈگری سیلسیئس ہے جو انتہائی خطرناک ہے۔
ان کے بقول سطح سمندر میں اضافہ، مختلف خطوں میں گرمی کی شدّت، موسمی تغیرات، شدید خشک سالی کے بعد بے تحاشا بارشیں دراصل آب ہوا میں تبدیلی کے ہی اثرات ہیں جن میں وقت کے ساتھ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
یہ اثرات کم ترقی یافتہ اور غریب ملکوں میں زیادہ نمایاں ہیں۔

،تصویر کا ذریعہSean Gallup
ٹھوس اقدامات کی ضرورت
نوین کھڈکا کہتے ہیں کہ موجودہ صورتحال اتنی خراب ہے کہ نہ صرف کاربن ڈائی آکسائڈ کی پیدوار میں فوری اور زبردست کمی ضروری بلکہ فضا میں پہلے سے موجود کاربن ڈائی آکسائڈ کو کسی طرح جذب کرکے محفوظ طور پر کہیں ٹھکانے لگانے کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق قابل تجدید توانائی کے شعبے میں بہت بڑے پیمانے پر سرمایاکاری کی اشد ضرورت ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اگرچہ وقت کے ساتھ ساتھ رنیوایبل انرجی یا قابل تجدید توانائی، مثلاً پن بجلی، شمسی توانائی، پون بجلی اور دوسرے ذرائع، کے شعبے میں بھی ترقی ہوئی ہے۔ تاہم یہ رفتار بہت سست ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی درجۂ حرارت محض دو درجہ سینٹی گریڈ بھی ہوا تو مونگے کی چٹانوں کا صفایا ہوجائے گا۔ ان چٹانوں پر بڑی تعداد میں سمندری مخلوقات کا انحصار ہے جو غذائی زنجیر یا فوڈ چین میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

،تصویر کا ذریعہNurPhoto
کرے کوئی اور بھرے کوئی
کاربن ڈائی آکسائڈ میں زیادہ اضافہ صنعتی انقلاب کے بعد شروع ہوا جب بڑی بڑی صنعتوں، بجلی گھروں، جہازوں اور گاڑیوں میں زمین سے نکلنے والی تیل، گیس اور کوئلے کا بے تحاشا استعمال شروع ہوا۔
اس سے پہلے عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی شرح 1.5 درجے سینٹی گریڈ تھی۔
آب و ہوا میں تبدیلی کے لیے پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے مشیر ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ مسئلہ ترقی یافتہ صنعتی ملکوں نے پیدا کیا ہے جسے بھگتنا پاکستان جیسے ملکوں کو پڑ رہا ہے۔
بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار ان دس ملکوں میں ہوتا ہے جو عالمی حدّت میں اضافے کے اثرات کی براہِ راست زد میں ہیں۔
ملک امین اسلم کے مطابق آب و ہوا میں تبدیلی کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہو رہے ہیں اور سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ خیبرپختونخوا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAnadolu Agency
پاکستان کیا کر رہا ہے؟
وزیراعظم کے مشیر نے بتایا کہ پاکستان کو گرین کاربن فنڈ سے چالیس ملین ڈالر فنڈ ملا ہے جو اگلے پانچ برس میں گلیشیئرز کے مطالعے پر خرچ کیا جائے گا جس میں ارلی وارننگ سسٹم یا فوراً خبردار کرنے والے نظام کی تنصیب بھی شامل ہے، تاکہ گلیشیئر پگھلنے کی صورت میں آنے والے سیلاب سے جانی نقصان کو کم کیا جا سکے۔
ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ فوری اقدامات میں صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک ارب اور پورے پاکستان میں دس ارب درخت بھی لگانا شامل ہے۔
گرین ہاؤس ایفیکٹ
ماہرین کے مطابق آب و ہوا میں تبدیلی کی بنیادی وجہ زمین پر انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے فضا میں کاربن ڈائی آکسائڈ میں مسلسل اضافہ ہے۔

،تصویر کا ذریعہDAVID MCNEW
یہ کاربن ڈائی آکسائڈ کرۂ زمین کے گرد ایک موٹے غلاف کی شکل میں موجود ہے جو زمین پر تو حرارت کو آنے دیتی ہے مگر اُسے واپس خلا میں جانے سے روکتی ہے۔
سائنسی اصطلاح میں اس عمل کو گرین ہاؤس ایفیکٹ یا سبز خانوی اثر کہتے ہیں۔
آب و ہوا میں تبدیلی کے عالمی ماہرین کہتے ہیں کہ اگرچہ درجۂ حرارت کو صنعتی انقلاب سے پہلے کی سطح پر لانا بہت مہنگا مگر ممکن ہے۔










