لائیو, ’ایران میں 181 بچوں سمیت ایک ہزار سے زائد شہری ہلاک ہو چکے‘: سعودی عرب میں سی آئی اے سٹیشن ڈرون حملے کا نشانہ بنا، امریکی میڈیا
امریکا میں قائم انسانی حقوق کے ادارے ہیومن رائٹس ایکٹوسٹس نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ 28 فروری سے اب تک ایران میں 1097 شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع موصول ہوئی ہیں، جن میں سے 181 بچے بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق پیر کے روز سعودی عرب میں امریکی سفارتخانے کے اندر موجود سی آئی اے سٹیشن کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
خلاصہ
سعودی عرب کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کی جانب سے دارالحکومت ریاض کے جنوب میں دو کروز میزائل ناکام بنا دیے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اُن کی جانب سے شروع کی جانے والی حالیہ کارروائی کے جواب میں اسرائیل پر حملے کر رہا ہے۔
سعودی عرب میں سی آئی اے سٹیشن پر ایران کا ڈرون حملہ، سعودی عرب کا جوابی حملوں پر غور
دبئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، حکام کی تصدیق
امریکہ نے اب تک ایران میں 1,700 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے: حکام
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ 'اب ایران کے پاس نہ بحریہ ہے، نہ فضائیہ اور نہ ہی فضائی دفاعی نظام، تقریباً سب کچھ تباہ ہو گیا ہے'
ایران کی ہلالِ احمر سوسائٹی کا کہنا ہے کہ سنیچر کو شروع ہونے والے امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران میں اب تک 787 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
لائیو کوریج
بریکنگ, سعودی عرب کا دو کروز میزائل ناکام بنانے کا دعویٰ
خبر رساں ارادے رائٹرز اور اے ایف پی کے مطابق
سعودی عرب کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کی جانب سے دارالحکومت ریاض کے
جنوب میں دو کروز میزائل ناکام بنا دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب سرکاری سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق
نو ڈرونز کو بھی ناکام بنایا گیا ہے۔
تاہم سعودی حکام نے یہ نہیں بتایا کہ میزائل اور
ڈرون کہاں سے داغے گئے تھے۔
برطانیہ کا اپنے شہریوں کو عمان سے نکالنے کے لیے خصوصی پرواز کا اعلان
برطانوی حکومت نے مشرقِ وسطیٰ سے نکلنے کے خواہشمند
برطانوی شہریوں کی مدد کے لیے عمان سے خصوصی پرواز کا انتظام کیا ہے۔
یہ پرواز چار مارچ کو مقامی وقت کے مطابق رات 11
بجے مسقط سے روانہ ہونے والی ہے اور پہلے مرحلے میں کمزور اور ضرورت مند افراد کو
ترجیح دی جائے گی۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وہ برطانوی شہری جنھوں
نے متحدہ عرب امارات میں اپنی موجودگی رجسٹر کرائی ہے اور اس وقت عمان میں موجود
ہیں، اگر وہ اس پرواز میں سوار ہونا چاہتے ہیں تو فوری طور پر یہ فارم پُر کریں۔
لوگوں سے کہا گیا ہے کہ جب تک دفترِ خارجہ کی جانب
سے انھیں بلایا نہ جائے، وہ ہوائی اڈے کا رخ نہ کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ برطانیہ واپسی کے لیے
مزید پروازوں اور راستوں کی تلاش میں ایئرلائنز کے ساتھ کام جاری رکھا جائے گا۔
اسرائیل کا ایران سے داغے جانے والے میزائل ناکام بنانے کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہEPA
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران اُن کی جانب
سے شروع کی جانے والی حالیہ کارروائی کے جواب میں اسرائیل پر حملے کر رہا ہے۔
اسرائیل حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے
کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران اسرائیل میں سائرن بجائے گئے اور ایران کی جانب سے داغے
جانے والے میزائلوں کے حوالے سے لوگوں کو خبردار کیا گیا۔
سائرن گونجتے رہے اور اسرائیلی شہریوں کو موبائل
فون پر الرٹس موصول ہوئے جن میں انھیں ہدایت کی گئی کہ وہ پناہ گاہوں میں منتقل ہو
جائیں اور آئندہ اطلاع تک وہیں رہیں۔
اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے
لبنان سے داغے گئے متعدد میزائلوں کی بھی نگرانی کی، جہاں اسرائیلی حملوں کا ہدف
حزب اللہ رہی ہے۔
اسرائیل کے مطابق میزائلوں اور دیگر پروجیکٹائلز کو
ناکام بنا دیا گیا اور فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
امریکہ اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی: مشرقِ وسطیٰ میں تباہی کے مناظر
منگل کے روز ایران، لبنان، عراق، اسرائیل اور متحدہ
عرب امارات میں پیش آنے والے پُرتشدد واقعات کی چند تصاویر پر ایک نظر
،تصویر کا ذریعہEPA/Shutterstock
،تصویر کا کیپشن3 مارچ کو وسطی تہران میں فردوسی سکوائر کے اطراف فضائی حملے کے بعد تباہ شدہ عمارتوں کا منظر۔
،تصویر کا ذریعہEPA/Shutterstock
،تصویر کا کیپشن3 مارچ کو لبنان کے جنوبی نواحی علاقے بیروت میں اسرائیلی حملوں کے بعد تباہ شدہ عمارتوں سے دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشن3 مارچ کو ایرانی حملوں نے شمالی عراق کے خودمختار کرد علاقے کے شہر کوئے کو نشانہ بنایا۔ اس علاقے میں امریکہ کا ایک بڑا قونصل خانہ واقع ہے۔
،تصویر کا ذریعہReuters
،تصویر کا کیپشن3 مارچ کو اسرائیل کے شہر بنی براک میں ایرانی میزائل حملوں کے بعد تباہ ہونے والی گاڑیاں۔
،تصویر کا ذریعہReuters
،تصویر کا کیپشن3 مارچ کو متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ میں فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ایک ڈرون کو مار گرانے کے بعد اس کے ملبے سے لگنے والی آگ کے نتیجے میں فجیرہ کے تیل کے صنعتی زون سے دھواں اٹھتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔
اسرائیل کی لبنان کے ایک درجن سے زائد دیہات اور قصبوں سے رہائشیوں کو نکل جانے کی اپیل
،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا کیپشنلبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد کے مناظر
اسرائیل نے لبنان کے ایک درجن سے زائد دیہات اور قصبوں کے رہائشیوں سے انخلا کی اپیل کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ آئی ڈئ ایف کی جانب سے ان علاقوں میں مزید حملے کیے جائیں گے جن کا ہدف ان کے بقول حزب اللہ ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان آویخائے ادرعی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نشاندہی کیے گئے علاقوں سے کم از کم ایک کلومیٹر دور چلے جائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’جو بھی شخص حزب اللہ کے اہلکاروں، تنصیبات اور ہتھیاروں کے قریب ہوگا، وہ اپنی جان کو پہنچنے والے نقصان کا خود ذمہ دار ہوگا۔‘
لبنان کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں اسرائیلی حملوں میں چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
جن دیہات اور قصبوں کے لیے اسرائیل کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی ہے ان میں ربعہ ثلاثین، حولا، قلعت دبہ، قبریخہ، تولین خربہ، شقرا، صوانہ، مجدل سلم، تمریہ، طیّری، طَلوسہ، صفد، بَطیخ، جمیجمہ اور بنی حیّان شامل ہیں۔
تیل کی قیمتوں میں اضافہ: ایشیائی سٹاک مارکٹس تیسرے روز بھی مندی کا شکار
،تصویر کا ذریعہGetty Images
تیل کی قیمتوں میں اضافے کے دوران ایشیا کی سٹاک مارکیٹس مسلسل تیسرے روز بھی مندی کا شکار رہیں۔
جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس سات فیصد تک گرنے کے بعد اب تقریباً چھ فیصد کمی پر ہے جبکہ جاپان کا نکیئی 225 انڈیکس کو تین فیصد کمی کا سامنا ہے۔
آسٹریلیا کا اے ایس ایکس 200 اور ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس بھی منفی زون میں ہیں۔
دوسری جانب بدھ کی صبح امریکہ میں ٹریڈ ہونے والے تیل اور برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں ایک اعشاریہ دو فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ اہم آبنائے ہرمز کے قریب آئل ٹینکرز بدستور رکے ہوئے ہیں اور مشرقِ وسطیٰ میں نئے حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
کویت میں فضا میں تباہ کر دیے جانے والے میزائل کے ٹکڑوں سے ایک بچی ہلاک، چار افراد زخمی: وزارتِ صحت
،تصویر کا ذریعہREUTERS
کویت کی وزارتِ صحت کے ترجمان کے مطابق ایک 11 سالہ
بچی رہائشی علاقے میں گرنے والے میزائل کے ٹکڑوں کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئی۔
ترجمان ڈاکٹر عبداللہ السند نے کہا کہ ’طبی عملے کی
بھرپور کوشش کے باوجود بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکی۔‘
السند کے مطابق اس کی والدہ سمیت خاندان کے چار
افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق کویتی فوج نے کہا ہے کہ اس
نے فضا میں کئی میزائلوں کو ناکارہ بنایا تھا، جس کے بعد ان کا ملبہ ایک رہائشی
عمارت پر گرا جس کے نتیجہ میں یہ تمام افراد زخمی ہوئے۔
قطر کا ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے 10 جاسوس گرفتار کرنے کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہREUTERS
قطر کے سرکاری خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ قطری
سکیورٹی فورسز نے بدھ کی علی الصبح پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کے لیے کام
کرنے والے ’10 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔‘
خبر رساں ادارے کے مطابق سات مشتبہ افراد کو ’ملک
کے اہم اور عسکری بنیادی ڈھانچے سے متعلق خفیہ معلومات جمع کرنے کی ذمہ داری سونپی
گئی تھی۔‘
مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ جاسوسی کے الزام میں جن
تین دیگر افراد کو گرفتار کیا گیا ہے وہ خاص طور پر ’ڈرون استعمال کرنا جانتے
تھے۔‘
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ’تحقیقات کے دوران
ملزمان نے ایرانی پاسدارنِ انقلاب کے ساتھ اپنے روابط کا اعتراف کیا ہے اور یہ بھی
بتایا کہ انھیں جاسوسی اور تخریبی کارروائیاں انجام دینے کی ذمہ داری سونپی گئی
تھی۔‘
ایران میں 181 بچوں سمیت ایک ہزار سے زائد شہری ہلاک ہو چکے: انسانی حقوق کے ادارے کا دعویٰ
،تصویر کا ذریعہReuters
امریکا میں قائم ہیومن رائٹس ایکٹوسٹس نیوز ایجنسی نے
دعویٰ کیا ہے کہ 28 فروری سے اب تک ایران میں 1097 شہریوں کی ہلاکت کی اطلاع موصول
ہوئی ہیں۔
ایجنسی کے مطابق ان میں سے 181 بچے ایسے تھے جن کی
عمر 10 سال سے کم تھی۔ ہیومن رائٹس
ایکٹوسٹس نیوز ایجنسی کا مزید کہنا
ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں اب تک 5402 عام شہری زخمی ہوئے ہیں جن میں 100
بچے شامل ہیں۔
انسانی حقوق کے ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ صرف گزشتہ
24 گھنٹوں کے دوران کم از کم 104 حملے کیے گئے۔ ہرانا کے مطابق ان حملوں میں فوجی اڈوں،
طبی مراکز اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
تاہم اس حوالے سے ادارے کا مزید کہنا ہے کہ مزید
سینکڑوں ہلاکتوں کی موصول ہونے والی اطلاعات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
لڑکیوں کے سکول پر فضائی حملے میں 160 افراد میں سے اکثر کی نمازِ جنازہ ادا: ایرانی حکام
،تصویر کا ذریعہEPA
ایرانی شہر میناب میں لڑکیوں کے ایک سکول پر ہونے
والے فضائی حملے میں ہلاک ہونے والوں میں سے بعض کی نمازِ جنازہ کی تصاویر سامنے
آئی ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق سنیچر کے روز اس سکول پر جو
پاسدارنِ انقلاب کے ایک اڈے کے قریب واقع تھا پر فضائی حملہ کیا گیا جس کے نتیجے
میں 160 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
بی بی سی ایرانی حکام کی جانب سے بتائی گئی ہلاکتوں
کی تعداد کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا ہے۔
تاہم امریکی فوج نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے سے متعلق
موصول ہونے والی اطلاعات کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ
اس علاقے میں کسی بھی کارروائی سے ’آگاہ نہیں‘ ہے۔
،تصویر کا ذریعہReuters
سعودی عرب میں سی آئی اے سٹیشن کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا: امریکی میڈیا
،تصویر کا ذریعہspa.gov.sa
امریکی میڈیا کے مطابق پیر کے روز سعودی عرب میں امریکی سفارتخانے کے اندر موجود سی آئی اے سٹیشن کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
امریکہ اور سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ دو ڈرونز نے ریاض میں سفارتخانے کے کمپلیکس کو نشانہ بنایا، تاہم یہ واضح نہیں کہ جاسوسی مرکز حملے کا اصل ہدف تھا یا نہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حملے کے نتیجے میں سفارتخانے کی چھت کا ایک حصہ گر گیا اور اندر دھواں بھر گیا۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ایک وارننگ میں کہا گیا ہے کہ سفارتخانے کو "ساختی نقصان" پہنچا ہے اور عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ "جگہ پر ہی پناہ لیے رکھیں۔"
ایرانی حملوں کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں: سعودی عرب
سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ اپنی سلامتی کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔ یہ بیان سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے نے جاری کیا ہے۔
سعودی کابینہ نے زور دیا کہ مملکت ’اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے تاکہ اتحادی ممالک کی حمایت کی جا سکے‘ جو ایران کی جانب سے کسی ممکنہ حملے کا جواب دے رہے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی کابینہ نے منگل کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس منعقد کیا جس کی صدارت ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کی۔
اس اجلاس کے بعد تفصیلی اعلامیہ جاری کیا گیا۔
اس اعلامیے میں کیا کہا گیا ہے؟
اس اعلامیے کے مطابق اجلاس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور اس کے علاقائی و بین الاقوامی سلامتی پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب اپنی سلامتی، سرزمین، شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔
کابینہ کو حالیہ دنوں میں خطے کی صورتحال پر ہونے والے رابطوں اور مشاورت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نے ان برادر اور دوست ممالک کے رہنماؤں کے مؤقف کو سراہا جنھوں نے سعودی عرب، خلیجی تعاون کونسل کے ممالک اور اردن پر ایرانی حملوں کی مذمت کی۔
کابینہ نے ان برادر ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جن کی سرزمین ایرانی جارحیت کا نشانہ بنی۔ اس نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب ان ممالک کی حمایت کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے تاکہ وہ ان حملوں کے جواب میں جو اقدامات کریں، ان میں مدد فراہم کی جا سکے۔
اجلاس میں ان سہولتوں اور مہمان نوازی کا بھی جائزہ لیا گیا جو سعودی عرب کی فضائی اڈوں پر پھنسے خلیجی ممالک کے شہریوں کو فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ اپنے دوسرے گھر میں آرام دہ رہ سکیں، جب تک کہ حالات ان کی محفوظ واپسی کی اجازت نہ دیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزیرِ اطلاعات سلمان الدوسری نے اجلاس کے بعد کہا کہ کابینہ نے خطے اور عالمی سطح پر سعودی عرب کی شرکت کے نتائج پر بھی غور کیا۔ کابینہ نے امید ظاہر کی کہ اسلامی تعاون تنظیم کے حالیہ ہنگامی اجلاس کے نتائج رکن ممالک کے درمیان ہم آہنگی کے طریقہ کار کو بہتر بنائیں گے اور فلسطینی عوام کے حقوق اور ان کے جائز مقصد کے لیے کوششوں کو تقویت دیں گے۔
ایرانی حملے میں ہلاک ہونے والے چار امریکی فوجیوں کی شناخت ظاہر کر دی گئی
،تصویر کا ذریعہUS Army Reserve
امریکی فوج نے ایران کے ساتھ جاری جنگ میں ہلاک ہونے والے پہلے چار امریکی فوجیوں کی شناخت کر لی ہے۔ یہ فوجی امریکی آرمی ریزرو کے 103ویں سسٹینمنٹ کمانڈ (ڈیس موئنز، آئیووا) سے تعلق رکھتے تھے۔
ان میں 35 برس کے کیپٹن کوڈی اے خورک تھے جن کا تعلق ونٹر ہیون فلوریڈا سے تعلق تھا۔ 42 برس کے سارجنٹ فرسٹ کلاس نوح ایل ٹیٹجینز کا تعلق بیلویو، نیبراسکا سے تھا۔ 39 برس کے سارجنٹ فرسٹ کلاس نکول ایم امور وائٹ بیئر لیک، منی سوٹا کے رہائشی تھے۔ 20 برس کے سارجنٹ ڈیکلن جے کوڈی ویسٹ ڈیس موئنز، آئیووا سے تعلق رکھتے تھے۔
امریکی فوج کے مطابق کویت میں ایک فوجی تنصیب پر اتوار کو ایرانی حملے میں مزید دو فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں، تاہم ان کی شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی۔
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے پیر کو کہا کہ کویت میں ایک امریکی بنکر کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب ایران کا جوابی حملہ فضائی دفاعی نظام سے بچ نکلا۔
امریکی فوج کے مطابق ایران کے خلاف اسرائیل کے ساتھ مل کر کارروائی شروع کرنے کے بعد اب تک صرف یہی چھ ہلاکتیں باضابطہ طور پر تصدیق شدہ ہیں۔
وزیر خارجہ مارکو روبیو کی دبئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب پارکنگ پر ڈرون حملے کی تصدیق
،تصویر کا ذریعہGetty Images
امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبریو نے تصدیق کی ہے کہ ایک ڈرون نے قونصل خانے کی عمارت کے ساتھ واقع پارکنگ لاٹ کو نشانہ بنایا۔
انھوں نے کہا کہ ’جب میں یہاں آیا تو دبئی کے قونصل خانے سے متعلق میڈیا رپورٹس بھی دیکھیں۔ کیمرے کے سامنے آنے سے چند لمحے پہلے مجھے جو تازہ ترین اطلاع ملی وہ یہ تھی کہ ایک ڈرون نے بدقسمتی سے چانسیری عمارت کے ساتھ واقع پارکنگ لاٹ کو نشانہ بنایا اور وہاں آگ بھڑک اٹھی۔‘
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ ’تمام عملہ محفوظ ہے۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، ہم نے پہلے ہی اپنے سفارتی دفاتر سے عملے کو واپس بلانا شروع کر دیا تھا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’لیکن ہماری سفارتخانوں اور سفارتی تنصیبات پر ایک دہشت گرد حکومت براہِ راست حملے کر رہی ہے۔‘
قونصل خانہ شہر کے ایک گنجان آباد علاقے میں واقع ہے، جو برطانوی سفارتخانے اور سعودی قونصل خانے کے قریب ہے۔
گزشتہ روز کی چند اہم خبریں
،تصویر کا ذریعہGetty Images
آج کے دن میں آگے بڑھنے سے پہلے گزشتہ روز کی چند اہم خبروں پر ایک نظر ڈالتے ہیں:
دبئی کے سرکاری میڈیا آفس نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب ڈرون حملے کے بعد آگ لگ گئی۔ حکام کے مطابق آگ پر کامیابی سے قابو پا لیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’ایمرجنسی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچیں۔ کسی قسم کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔‘
قم شہر میں بنائی گئی دو ویڈیوز میں مجلسِ خبرگانِ رہبری کے سیکرٹریٹ کی عمارت پر حملے کے بعد کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ یہ ایران کا مرکزی قیادت کا نگران ادارہ ہے۔ بی بی سی ویریفائی کے مطابق یہ ویڈیوز قم کے بسیج سکوائر کے قریب فلمائی گئی ہیں اور ان میں دکھایا گیا ہے کہ سیکرٹریٹ کی عمارت تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ قریب کی ایک اور عمارت بھی شدید نقصان کا شکار ہوئی ہے۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میخواں نے کہا ہے کہ وہ جرمنی اور برطانیہ کے رہنماؤں سے متفق ہیں کہ ایران میں جاری تنازع کا فوری حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ انھیں امید ہے کہ ایرانی عوام اپنے ملک کے مستقبل کے بارے میں خود فیصلہ کر سکیں گے۔
امریکی حکام کے مطابق سنیچر کو ایران میں فضائی حملے شروع کرنے کے بعد سے امریکہ نے 1,700 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ تفصیلات امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے جاری کی ہیں۔
بی بی سی کی لائیو کوریج میں خوش آمدید
،تصویر کا ذریعہGetty Images
مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر بی بی سی کی لائیو کوریج جاری ہے۔