’گوگل پینٹاگون کے ساتھ آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر کام نہیں کرے گا‘

،تصویر کا ذریعہSTEVE JENNINGS
ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی امریکی وزارتِ دفاع کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر کام کرنے کے ٹھیکے کی تجدید نہیں کرے گی۔
یہ فیصلہ کمپنی کے ملازموں کی جانب سے ایسے ٹھیکے کی شدید مخالفت کے بعد کیا گیا ہے۔
پینٹاگون کے ایک پروجیکٹ ’ماون‘ کی مخالفت میں گوگل کے متعدد ملازمین نے کمپنی چھوڑ دی اور ہزاروں نے اس کے خلاف ایک درخواست پر دستخط کیے۔
مذکورہ ملازمین کو شک ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو مہلک مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی جانب یہ پروجیکٹ پہلا قدم ہے۔ اس حوالے سسے گوگل نے کوئی سرکاری بیان نہیں دیا ہے۔
مزید پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم کمپنی کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گوگل کی ایک اعلیٰ اہلکار ڈائین گرین نے اپنے ملازمین کو بتایا ہے کہ مارچ میں اس ٹھیکے کی مدت مکمل ہونے پر اس کی تجدید نہیں کی جائے گی۔
دوسری جانب ٹیکنالوجی ویب سائٹ گزمو.و کی صحافی کیٹ کونجر نے بی بی سی کو بتایا کہ گوگل نے نہ تو پروجیکٹ ماون کو منسوخ کیا ہے اور نہ ہی مستقبل میں فوج کے ساتھ کام کرنے کے امکان کو مسترد کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس پروجیکٹ کی مالیت ایک کروڑ ڈالر سے کم ہے مگر اس سے گوگل اور پینٹاگون کے لیے درمیان مزید اشتراک کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
اس پروجیکٹ میں مشین لرننگ اور انجنیئرنگ ٹیلنٹ کو استعمال کرتے ہوئے کسی بھی ڈرون ویڈیو میں خودکار طور پر انسانوں اور چیزوں میں فرق کو پہچاننا ہے۔
اس سال اپریل میں چار ہزار گوگل ملازمین نے ایک کھلے خط میں کہا تھا کہ کمپنی کے اس پروجیکٹ میں ملوث ہونے سے کمپنی اپنے صارفین کو خطرے میں ڈال رہی ہے اور اپنی اخلاقی ذمہ داری کو نظر انداز کر رہی ہے۔
گزمودو کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کمپنی کی اعلیٰ قیادت پنٹاگون کے ساتھ اشتراک کرنے کے اثرات کے حوالے سے متضاد آرا رکھتی تھی۔
گزمو.و کا کہنا تھا کہ کمپنی کے اندرونی ای میلز میں لوگوں کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ ایک بڑا موقع ہے تاہم اس سے کمپنی کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔










