فیشن ڈیزائنر جو اپنے خون سے کپڑے بنتی ہیں

Poppy Nash sitting next to her sewing machine amongst her materials

،تصویر کا ذریعہMelanie Hyams

اگر آپ کو ذیابیطس ہے تو خون میں شوگر کی مقدار کو چیک کرنا آپ کی روز مرہ زندگی کا حصہ ہے۔ مگر ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ایک فیشن ڈیزائنر نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے شوگر ٹیسٹ کے نتائج کو اپنے ڈیزائن کردہ کپڑوں میں بننا شروع کر دیا۔

پوپی ناش کو چھ برس کی عمر میں ٹائپ ون ذیابیطس ہو گئی تھی اور اس کا مطلب تھا کہ ان کا جسم انسولین پیدا کرنے کے قابل نہیں رہا تھا۔

پوپی ناش نے اس دن کو یاد کیا جب ان کے ڈاکٹر نے ذیابیطس کے بارے میں بتایا تھا اور اس لمحے کو ’بہت خوفناک اور بھیانک‘ قرار دیا۔

ذیابیطس کی بیماری لاحق ہونے کے بعد پوپی ناش کی زندگی تبدیل ہو کر رہ گئی جس میں انھیں دن میں متعدد بار خون میں شوگر کی مقدار چیک کرنا ہوتی ہے اور اس کے ساتھ انسولین کا انجیکشن لگانا پڑتا ہے۔ یہ کام کئی برس تک ان کی والدہ سرانجام دیتی رہیں جب تک ناش اس قابل نہیں ہو گئی کہ وہ اپنی صحت کا خود خیال رکھ سکیں۔

18 برس کی عمر میں غلطی سے انسولین کی زیادہ مقدار لینے پر انھیں ہسپتال میں زیر علاج رہنا پڑا۔

ناش کے مطابق’ یہ واقعہ میری آنکھیں کھولنے کا سبب بنا، یہ بالکل ایسا تھا کہ مجھے دوبارہ بیماری کا پتہ چلا اور اب میں ہی انسولین کی انچارچ تھی جو مجھے حقیقت میں مار بھی سکتی ہے۔‘

ناش کو ایک نیا نقطہٴ نظر اس وقت ملا جب اپنے آبائی گھر سے گلاسگو سکول آف آرٹ میں کمیونیکیشن ڈیزائن میں تعلیم حاصل کرنے گئیں۔ یہاں انھوں نے ٹیکسٹائل کے شعبے کو اپنایا اور سکرین پرنٹنگ کرنا سیکھا۔

Material designed by Poppy Nash

،تصویر کا ذریعہMelanie Hyams

ناش کے مطابق ’ذہنی دباؤ کی وجہ سے میری ذیابیطس قابو میں نہیں رہی اور اس کی وجہ سے میں نے اپنے پروجیکٹ پر کام کرنا بند کر دیا۔ اس کے بعد جب صورت حال کے بارے میں سوچا تو سمجھ آنا شروع ہوئی۔‘

ناش نے شوگر کی مقدار جانچنے والے آلے میں خودکار طریقے سے محفوظ ہونے والے نتائج کو دیکھنا شروع کیا تو اندازہ ہوا کہ ان کا جسم زندگی کے بارے میں کس طرح ردعمل ظاہر کرتا ہے جس میں اچھا بھی تھا اور برا بھی۔

ناش نے اپنی شوگر کے نتائج کو کپڑے پر پرنٹ کرنا شروع کر دیا اور اس مقصد کے لیے کپڑے کو ایسے ڈیزائن کیا کہ وہ پہننے کے قابل ہو جائے۔ ناش کے بقول یہ ایسے تھا کہ انھوں نے اپنے خون کو بننا شروع کر دیا ہے۔

وہ کہتی ہیں: ’آپ کسی پروجیکٹ کے لیے تحقیق کرتے ہیں تو اس میں جو آپ کر رہے ہیں اس پر یقین ہونا چاہیے اور ذیابیطس واحد چیز تھی جس کا واقعی میں بہت خیال رکھتی تھی۔

’اس سے مجھے کافی خوشی ہوئی کیونکہ مجھے محسوس ہوا کہ میں کسی چیز کو دھوکہ دے رہی ہوں لیکن یہ حقیقت ہندسے ہیں اور اسی وجہ سے یہ خوفزہ کرتے ہیں۔‘

Poppy Nash sitting amongst her material designs

،تصویر کا ذریعہMelanie Hyams

ناش کے بقول ان کا کام خوفزہ کر دینے والا ہے لیکن یقین ہے کہ یہ منصوبہ بالآخر ان کے لیے اچھا ہے کیونکہ اس سے وہ حقیقت کا سامنا کرتی ہیں اور یہ سمجھ آتی ہے کہ اگر اپنا خیال نہیں رکھیں گی تو نتائج کیا ہو سکتے ہیں۔

Clothing and fabric designed by Poppy Nash

،تصویر کا ذریعہPoppy Nash

ناش نے ایسے اخباری تراشے جمع کرنا شروع کیے جن سے ذیابیطس کی تلخ حققت کا اندازہ ہو سکے اور ان کا لحاف پر پیچ ورک شروع کر دیا۔

Poppy Nash's artwork

،تصویر کا ذریعہNDACA

ناش کی اس وقت توجہ ٹیکسٹائل، کپڑوں اور ملبوسات پر ہے اور ان کو نمائشوں میں بھیجتی ہیں لیکن انھیں یقین ہے کہ ایک دن ان کے ڈیزائن کردہ ملبوسات کی اپنی کلیکشن ہو گی۔

ناش کے مطابق انھیں بہت خوشی ہو گی کہ لوگ انھیں پہنیں اور ذیابیطس کی کہانی بیان کریں جس کے بارے میں وہ جانتے بھی نہیں ہیں۔

Design for the National Disability Arts Collection & Archive commission with a table-setting covered in carbohydrate information

،تصویر کا ذریعہPoppy Nash

ناش اب بھی اپنی بلڈ شوگر معمول سے چیک کرتی ہیں تاہم اس سے انھیں ممکنہ تخلیقی مواقع بھی مل رہے ہیں۔

ناش کے بقول یہ ایک اچھا پلیٹ فارم ہے کیونکہ میں ایک بیکار چیز کو ایسی چیز میں تبدیل کر سکتی ہوں جو دلچسپ اور دل بہلانے والی ہو۔

’ذیابیطس جیسے موضوع پر جب تک لوگ سننا چاہتے ہیں اس وقت تک اس کے بارے میں بتا سکتے ہیں۔‘