خطرے سے دوچار ویکیوٹا کے لیے ڈولفن کا استعمال

میکسیکو کی حکومت کا کہنا ہے کہ ویکیوٹا نامی ممالیہ کی نسل کو خاتمے سے بچانے کے لیے وہ ان ڈولفن مچھلیوں کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جنھیں امریکی نیوی نے تربیت دی ہے۔

ملک کے وزیرِ ماحولیات رافیل پاسیحوانوں کے بقول ڈولفن کے ذریعے ان ممولیوں کو محفوظ آب گاہوں میں لایا جائے گا۔

میکسیکو نے جال سے مچھلیاں پکڑنے پر بھی مستقل پابندی عائد کر دی ہے کیونکہ خیال کیا جاتا ہے کہ ویکیوٹا ان جالوں میں پھنس کر مر جاتے ہیں۔

سائنسدانوں کا اندازہ ہے کہ خلیج کیلیفورنیا میں تقریباً چالیس ویکیوٹا ہی بچے ہیں۔

وزیرِ ماحولیات کے مطابق اس منصوبے پر رواں برس ستمبر سے عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔

ایک مقامی ریڈیو سے بات کرتے ہوئے رافیل پاسیحوانوں کا کہنا تھا کہ ’ہم گزشتہ ایک برس سے امریکی نیوی اور ان کی جانب سے گم ہوجانے والے غوطہ خوروں کو تلاش کرنے کے لیے تربیت دی جانے والے ڈالفنز کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ہم انھیں ویکیوٹا کو ڈھونڈنے کی تربیت دے رہے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ان ممولیوں کو پکڑا جائے تاکہ ان کی نسل کو ختم ہونے سے بچانے کا موقع مل سکے۔‘

میکسیکو کی حکومت کی جانب سے ویکیوٹا کی ہلاکت کا باعث بننے والے جالوں پر مستقل پابندی کے اعلان کا ہالی وڈ کے معروف اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو نے بھی خیر مقدم کیا ہے اور اس حوالے ٹویٹ بھی کی ہے۔

خیال رہے کہ لیونارڈو ویکیویٹا ممالیہ کی نسل کو خاتمے سے بچانے کے لیے چلائی جانے والی مہم کا حصہ رہے ہیں۔