آسٹریلیا: کپڑوں میں لپٹی ڈولفن کی تلاش

آسٹریلیا میں حکام اس ڈولفن کی تلاش میں سرگرداں ہیں جس کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ اسے دانستہ طور پر کپڑے میں لپیٹا گیا۔

مغربی آسٹریلیا میں پارک اور وائلڈ لائف کے محکمے کا کہنا کہ بوٹل نوز نسل کی اس ڈولفن کو گذشتہ ہفتے بنبری کے علاقے میں دیکھا گیا تھا۔

ایک شخص نے اس ڈولفن کی تصویر کھینچی تھی اور پھر حکام کو اس کے بارے میں مطلع کیا تھا۔

آسٹریلیا میں قانون کے مطابق بغیر اجازت کے ڈولفن یا وہیل کو تنگ کرنے کی معمانیت ہے۔

حکام نے عوام سے کہا ہے کہ اگر انھیں وہ ڈولفن کہیں بھی نظر آئے تو حکام کو اس کے بارے میں اطلاع دیں۔

وائلڈ لائف محکمے کا کہنا ہے کہ تصویر میں ڈولفن کو بظاہر ایک شرٹ میں لپٹے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک بیان میں کہا گيا ہے کہ اس بات کا امکان کم ہی ہے کہ ’خود ڈولفن ایسے کسی کپڑے میں تیر کر پھنس گئی ہو تو یہ کسی کا دانستہ کام ہوسکتا ہے۔ اگر اس کپڑے سے سانس لینے والے اس کے سراخ بند ہو جاتے اور سانس لینے میں مشکل پیش آتی تو پھر یہ ڈولفن کے مہلک ثابت ہوسکتا تھا۔‘

بیان کے مطابق بد قسمتی سے اس کے بعد سے اس ڈولفن کو کہیں دیکھا بھی نہیں گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایسے کسی مجرمانہ اقدام پر تقریباً 3000 ڈالر جرمانے کی سزا ہے۔