آسٹریلیا کے ’مشتعل موسمِ گرما‘میں دو سو ریکارڈ ٹوٹے

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ماحولیاتی تبدیلیوں پر کام کرنے والے ایک گروپ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا میں حالیہ موسمِ گرما میں موسم سے متعلق دو سو سے زیادہ ریکارڈ ٹوٹے ہیں۔
یہ بات 'مشتعل موسمِ گرما' نامی ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے جسے کلائمیٹ کونسل گروپ نے جاری کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ موسمِ گرما مشرقی آسٹریلیا میں گرمی کی شدید لہروں اور جنگل کی آگ جبکہ مغربی آسٹریلیا میں شدید بارش اور سیلاب سے عبارت رہا۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں اس بات کا ثبوت ہیں بدلتے ماحول کا اثر پورے آسٹریلیا میں محسوس کیا جا رہا ہے۔
اس رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ مستقبل میں ایسے موسم میں بجلی کا نظام بھی طلب میں اضافے کی وجہ سے متاثر ہو سکتا ہے۔
کلائمیٹ کونسل گروپ کے مطابق تین ماہ کے عرصے میں آسٹریلیا میں کم از کم 205 ایسے نئے ریکارڈ بنے جن کا تعلق موسم سے تھا۔
اس رپورٹ کے مرکزی مصنف ول سٹیفن کا کہنا ہے کہ اس شدید موسم کی وجہ ماحولیاتی تبدیلیاں ہیں۔
'ہم غیرمعمولی گرمی کی لہر کا سامنا کر رہے ہیں اور خطرناک حد تک تیزی سے نئے ریکارڈ بن رہے ہیں اور آسٹریلیا کے ہر حصے پر اس کا اثر ہو رہا ہے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے اور اپنی معیشت سے فوسل فیول کو باہر نہ نکالا تو یہ شدید موسم رواں صدی کے دوران مزید شدید ہوتا جائے گا۔
رپورٹ کے مصنفین کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کا غیرموثر اور آلودگی پھیلانے والا پرانی نظامِ توانائی اس شدید موسم سے مزید دباؤ کا شکار ہوگا۔








