’ایپل انڈیا میں آئی فون تیار کرے گا‘

،تصویر کا ذریعہReuters
انڈین ریاست کرناٹک کی حکومت کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنی ایپل ریاست میں آئی فون بنانا شروع کرنے والی ہے۔
وزرا کا کہنا ہے کہ ایپل کرناٹک میں فون بنانے کا ابتدائی کام اپریل میں شروع کرے گی۔ خیال رہے کہ کرناٹک کا ریاستی دارالحکومت بنگلور آئی ٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔
انڈیا کی موبائل مارکیٹ میں ایپل کا حصہ محض دو فیصد ہے اور وہ اپنے کورین حریف سام سنگ سے خاصا پیچھے ہے۔
ایپل کی جانب سے تاحال اس منصوبے کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی اور ان کا کہنا ہے کہ وہ انڈیا میں 'واضح سرمایہ' میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
تاہم کرناٹک کے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بائیو ٹیکنالوجی کے وزیر پریانک کھرج نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ 'ہماری ایپل کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ اپریل کے آخر تک کرناٹک میں فون کی تیاری شروع ہو جائے گی۔'
اطلاعات کے مطابق اس حوالے سے ایک پلانٹ تائیوان کی ایک تعمیراتی کمپنی وسٹرون کارپوریشن تعمیر کر رہی ہے۔
فروخت میں کم شرح کے باوجود مہنگے فونوں کی تقریباً نصف مارکیٹ پر ایپل حاوی ہے جس کے ایک فون کی قیمت 450 امریکی ڈالر سے شروع ہوتی ہے اور اس کی فروخت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
حالیہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے سے قبل ایپل نے حکومتی اور ریاستی حکومت کے نمائندگان سے کئی ملاقاتیں کی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ ایپل کا سب سے بڑا پارٹنر تائیوان کی کمپنی فوکسکون ہے جو چین میں ایپل کی سب سے بڑی آئی فون کی فیکٹری چلاتی ہے۔
گذشتہ ہفتے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق ایپل کو آئی فون سیون کی فروخت کے بعد اپنی پہلی سہ ماہی میں اب تک کا سب سے زیادہ منافع ہوا ہے۔
آئی فون 7 کی ریلیز کے بعد سے ایپل کی کل فروخت سات کروڑ 84 لاکھ ڈالر ہے جو گذشتہ برس اسی دورانیے کی فروخت سے تین فیصد زیادہ ہے۔









