’تبدیل شدہ گلیکسی نوٹ سیون کی بیٹری بھی پھٹ گئی‘

سام سنگ، موبائل

،تصویر کا ذریعہBRIAN GREEN

،تصویر کا کیپشنخیال رہے کہ سام سنگ نے جنوبی کوریا میں گلیکسی نوٹ سیون سمارٹ فون کی فروخت دوبارہ شروع کر دی تھی

اطلاعات کے مطابق جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ کی جانب سے گلیکسی نوٹ سیون کو محفوظ قرار دیے جانے کے بعد تبدیل کیے جانے والے موبائل فون میں بھی دوران پرواز آگ لگنے کا واقعہ پیش آگیا۔

یہ واقع اس موبائل فون میں پیش آیا ہے جنھیں سام سنگ نے گذشتہ ماہ خرابی کے باعث واپس منگوا لیا تھا اور بعد میں اسے محفوظ قرار دے کر ان کا فورخت دوبارہ شروع کر دی تھی۔

ساؤتھ ویسٹ ایئر لائن نے تصدیق کی ہے کہ اس واقع کے باعث انھیں بدھ کے روز پرواز سے قبل ہی طیارے کو خالی کروانا پڑ گیا تھا۔

یاد رہے کہ نوٹ سیون کی بیٹریوں میں خرابی کے باعث کمپنی نے اسے واپس لینے کا اعلان کیا تھا۔ اس ماڈل کے بعض فونز کی بیٹری چارج ہونے کے دوران پھٹ گئی تھیں تاہم بعد میں سام سنگ کا کہنا تھا کہ اس نے خرابی کو معلوم کر لیا ہے اور اس مسئلے کو حل کر لیا گیا ہے۔

اس تازہ واقع پر سام سنگ کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات کر رہے ہیں۔

سام سنگ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم اس موبائل فون کو حاصل کرنے اور اس حادثے کی وجہ معلوم کرنے کرنے کے لیے انتظامیہ اور ساؤتھ ویسٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔‘

samsung note 7

،تصویر کا ذریعہMark Schiefelbein

،تصویر کا کیپشننوٹ سیون کی بیٹریوں میں خرابی کے باعث کمپنی نے اسے واپس لینے کا اعلان کیا تھا

کمپنی کا کہنا ہے کہ ’ایک بار ہم اس موبائل کا معائنہ کر لیں اس کے بعد مزید معلومات فراہم کر سکیں گے۔‘

جس موبائل فون میں آگ لگنے کا یہ تازہ واقع پیش آیا ہے اس موبائل کے فون مالک برائن گرین نے دی ورج کے جارڈن گولسن کو بتایا کہ انھوں نے یہ فون 21 ستمبر کو خریدا تھا۔

برائن گرین کا مزید کہنا تھا کہ اس موبائل فون کے ڈبے پر ایک سیاہ رنگ کا نشان تھا جس کے بارے میں سام سنگ نے بتایا تھا کہ یہ نشان تبدیل کیے جانے والے فونز اور غیر محفوظ فونز میں فرق کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ جنوبی کوریا کی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے جنوبی کوریا میں گلیکسی نوٹ سیون سمارٹ فون کی فروخت دوبارہ شروع کر دی تھی اور 28 اکتوبر سے اس فون کی فروخت یورپ میں بھی شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔