BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 26 February, 2006, 11:00 GMT 16:00 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
نیو یارک کے ٹھیلے والے

مصر کے خالد
نیویارک میں ہر چند قدم پر ایک ریستوران یا کیفے موجود ہے
پاکستان یا بھارت کے چھوٹے بڑے کسی بھی شہر میں چلے جائیں، کھانے پینے کے ٹھیلے عام مل جائیں گے۔ چکڑ چھولے ہوں یا نان حلیم، چٹ پٹی چاٹ ہو یا بھیل پوری، تکے ہوں یا دال روٹی ہر چیز بازار میں ٹھیلوں پر دستیاب ہے اور چھوٹے بڑے، امیر غریب سب ہی اس غذا سے لطف اندوز ہوتے نظر آتے ہیں۔

مغربی دنیا عمومًا اس نعمت سے محروم ہے۔ سوائے ایک شہر کے۔ وہ شہر ہے نیو یارک۔

پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش جیسے ممالک کی طرح نیو یارک کی سڑکوں پر بھی دن نکلتے ہی کچھ لوگ اپنے اپنے ٹھیلے جنہیں امریکی زبان میں پُش کارٹ کہا جاتا ہے، لے کر نکل آتے ہیں اور طرح طرح کے پکوان بیچتے نظر آتے ہیں۔ کوئی ہاٹ ڈاگ کا ٹھیلا لگائے بیٹھا ملتا ہے تو کوئی شیش کباب کا۔ کسی کے پاس ٹھیلے میں چکن جائرو ہے تو کسی کے پاس دنبے کے تکے۔

ان میں سے بیشتر عربی یا ترکی ہیں۔ مصریوں کی ایک بڑی تعداد ہے۔ مگر کافی دیسی، خصوصًا پاکستانی اور بنگلہ دیشی بھی ان ٹھیلے والوں میں شامل ہیں۔ ان کے کھانوں میں مشرق وسطٰی کے ساتھ ساتھ کچھ کچھ دیسی کھانوں کے ذائقے کی جھلک ملتی ہے۔

سمن آباد کے شاہد
سمن آباد کے شاہد
نیو یارک کے ایک حصے جیکسن ہائٹس میں پش کارٹ لگانے والے شاہد کا تعلق لاہور کے علاقے سمن آباد سے ہے۔ وہ گاڑیوں کے شو روم میں ملازمت چھوڑ کر ساڑھے چار سال پہلے امریکہ آئے اور ایک ریستوران میں کام شروع کر دیا۔ مگر ریستوران کی نوکری میں دوسروں کی ملازمت بھی کرنی پڑتی ہے اور دوسروں کی ڈانٹ بھی کھانی پڑتی ہے۔ اس لیے شاہد اب پش کارٹ لگاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ
’مجھے کام کرنے کا یہ فائدہ ہے کہ میں یہاں پر عزت سے کام کر رہا ہوں۔ کسی دیسی کی مجھے ٹینشن نہیں ہے جو تنگ کرتے ہیں کہ یہ کرو وہ کرو۔‘

شاہد کا کہنا ہے کہ کھانا پکانا ان کا شوق ہے اور وہ پاکستان ہی سے کھانا پکانا سیکھ کر یہاں آئے ہیں۔

کچھ لوگ یہ کام کھانے کے شوق میں نہیں بلکہ اس شوق میں کرتے ہیں کہ انہیں دفتر کے بند ماحول سے چھٹکارہ اور نیو یارک جیسے پر رونق شہر سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے۔ خلید ایسے ہی لوگوں میں سے ہیں۔ ان کا تعلق مصر سے ہے اور وہ دو سال سے یہ کام کر رہے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ یہ بہت اچھا کام ہے۔ مجھے سڑک پر کھڑے ہو کر ہجوم کو دیکھنے کا شوق ہے۔ ویسے بھی مین ہیٹن زبردست جگہ ہے۔

زبردست تو نیو یارک ضرور ہے لیکن ساتھ ہی ساتھ ایک ایسا شہر بھی ہے جہاں ہر گلی میں ہی نہیں ہر چند قدم پر ایک ریستوران یا کیفے موجود ہے۔ ایسے میں ان ٹھیلے والوں کے پاس لوگ اس لیے جاتے ہیں کہ ان کی خوراک ذائقے میں مزیدار ہونے کے علاوہ قیمت میں بھی کافی کم ہے۔

بورژانا مین ہیٹن میں کام کرتی ہیں اور اکثر ایک مصری مگدی شاہین کے ٹھیلے سے چکن کباب اور چاول لے کر کھاتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کے لیے کھانے کی قیمت یہاں آنے کا ایک بڑا سبب ہے۔

یوں سمجھیے کہ اگر ایک شخص ایک سستے ریستوران میں آٹھ یا دس ڈالر میں کھانا کھا سکتا ہے تو ایک ٹھیلے سے وہ پیٹ بھر کر چار ڈالر میں کھانا کھا سکتا ہے۔

قیمت اور ذائقہ سب صحیح، اپنا کام کرنے کا مزہ بھی اپنی جگہ، لیکن دنیا کے ہر کام کی طرح اس کام کے بھی اپنے مسائل ہیں۔ مگدی شاہین بارہ سال سے یہ کام کر رہے ہیں اور آج کل کافی پریشان ہیں۔ ہر چیز کی قیمت بڑھتی جا رہی ہے اور وہ اس ڈر سے قیمت نہیں بڑھا سکتے کہ ان کے گاہک نہ ٹوٹ جائیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اس کام میں منافع دن بدن کم ہوتا جا رہا ہے۔

لگتا ہے کہ مشرق اور مغرب میں کم از کم ٹھیلے والوں کے مسائل تو مشترک ہیں۔

اسی بارے میں
امریکہ میرا بھی تو ہے
14.03.2003 | صفحۂ اول
پناہ ملی تو کہاں ملی
10.02.2003 | صفحۂ اول
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد