ڈھاکہ: سارک کانفرنس ملتوی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جنوبی ایشیا میں علاقائی تعاون کی تنظیم ’سارک‘ کا آئندہ ہفتے ہونے والا ’ ڈھاکہ سمٹ‘ ملتوی کردیا گیا ہے۔ کانفرنس ملتوی کرنے کا اعلان تنظیم کے چیئرمین ہونے کے ناطے پاکستان نے کیا ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان مسعود خان کے مطابق بھارتی وزیراعظم کی شرکت نہ کرنے کے فیصلے کے بعد سارک سمٹ ملتوی کرنا پڑا ۔ انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام انتظامات مکمل ہونے کے باوجود ایسا کرنے سے مایوسی ہوئی ہے اور ایسی صورتحال میں دباؤ ہوگا کہ جلد نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے۔ اطلاعات کے مطابق نیپال کے بادشاہ کی جانب سے منتخب حکومت توڑ دینے اور بنگلہ دیش میں سکیورٹی کی صورتحال کی بنا پر بھارتی وزیراعظم نے بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والے سارک سمٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانفرنس کے ملتوی کیے جانے کے اعلان سے تھوڑی دیر پہلے دفتر خارجہ میں پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کے وزیرخارجہ خورشید محمود قصوری نے کہا کہ جب نیپال کے بادشاہ نے خود کانفرنس میں شرکت کا اعلان کیا ہے اور بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ نے حفاظتی انتظامات بھی بہتر کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے تو ایسے میں کانفرنس ملتوی کرنا بلاجواز ہوگا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||