سعودی عرب میں چھبیس علماء کی جانب سے جاری کیے گئے ایک فتوٰی میں اتحادی افواج کے خلاف عراقی مزاحمت کو جائز قرار دیا گیا ہے۔ علماء اور تبلیغ کرنے والوں نے عراقی مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ متحد ہو جائیں اور اتحادی افواج کو عراق سے باہر نکال دیں۔ یہ فتوٰی ایک ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے اور اس پر کئی سنی العقیدہ مسلمان علماء کے دستخط موجود ہیں۔ دستخط کرنے والوں میں اواد القرنی، سلمان العودہ اور سفار الحوالی جیسے علماء بھی شامل ہیں۔ ان تینوں علماء کو انیس سو نوے میں سعودی حکومت نے قید کر دیا تھا اور بعد میں زبان بندی کے حکم کے ساتھ رہا کیا گیا تھا۔ اس فتوٰی میں مسلمانوں کو عراق میں جنگ شروع کرنے کو نہیں کہا گیا ہے بلکہ ان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ موجودہ حالات میں اپنے عراقی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔ |