 |  کیمیائی اور حیاتیاتی حملوں کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے |
امریکہ نے کیمیائی اورجراثیمی حملوں سے دفاع کے لیے ’بائیو شیلڈ‘ کے نام سے ایک منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس پر اگلے دس سالوں میں ساڑھے پانچ ارب ڈالر خرچ کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں امریکی کانگریس نے بائیو شیلڈ کے نام سے ایک خصوصی قانون کی بھی منظوری دی جس کے تحت امریکی حکومت ساڑھے پانچ ارب ڈالر خرچ کرکے کیمیائی اور جراثیمی حملوں سے بچاؤ کے لیے ادویات کا ایک ذخیرہ جمع کر سکے گی۔ واشنگٹن میں صحتِ عامہ کے محکمہ کے ایک اعلی اہلکار ٹومی تھومسن نے اس قانون کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں کیمیائی اور جراثیمی حملوں سے امریکہ کے دفاع کی جانب یہ ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کی منظوری کے بعد امریکی حکومت اگلے برس سات کروڑ پچاس لاکھ اینتھریکس ویکسین کی خوراکوں کا ذخیرہ جمع کر سکے گی۔ |